دہشت گردوں کو معصوم بچوں کے خون کا حساب دینا ہوگا ، تحریک انصاف سندھ

جمعرات 18 دسمبر 2014 21:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے پشاور آرمی پبلک اسکول کے بچوں پر وحشیانہ حملہ کر کے پوری قوم کے دل کو نشانہ بنایا ہے ، دہشت گردوں کو معصوم بچوں کے خون کا حساب دینا ہوگا ، معصوم بچوں کا قتل کرنے والے انسان نہیں بلکہ ایک وحشی درندے ہیں اور یہ پاکستان اور اسلام دشمن قوتوں کی کارستانی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز کراچی کے علاقے تین تلوار کلفٹن پر پارٹی کارکنان اور سول سوسائٹی کی جانب سے پشاور شہداء کی یاد میں شمع روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان ، تحریک انصاف خواتین ونگ کی رہنما سعدیہ آغا، افتخار فاروقی ، عثمان کوہستانی اور دیگر کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء تحریک انصاف کراچی کے سینئر رہنما سبحان علی ساحل کی قیادت میں درجنوں کارکنان نے گزشتہ روز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ انصاف ہاؤس مین شاہراہ فیصل نرسری پر پشاور شہداء کی یاد میں شمع روشن کیں اور متاثرہ غمزدہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے لیے صبرو جمیل کی دعا کی ۔