سانحہ پشاور پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ،جتنی مذمت کی جائے کم ہے،غلام احمدبلور،

ہم دُنیا سے پوچھنا چاہتے ہیں آخر پختونوں نے ایسا کیا قصور کیا ہے جس کی اُنہیں اتنی بڑی سزا دی جا رہی ہے اے این پی اپنی دھرتی پر امن کیلئے عوام کیساتھ کھڑی ہے ،اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ،سردارحسین بابک

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے باچا خان مرکز پشاور میں سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم دُنیا سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ آخر پختونوں نے ایسا کیا قصور کیا ہے جس کی اُنہیں اتنی بڑی سزا دی جا رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرف سے کمیٹی بنانے کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف فوری طور پر اقدامات کا اعلان کیا جانا چاہیے تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر ہمارے اکابرین کی بات مان لی جاتی تو آج یہ دن دیکھنا نصیب نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ پاکستان میں امن افغانستان کے قیام امن سے مشروط ہے ۔ جب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوتاپاکستان میں دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو اپنی خارجہ پالیسیاں واضح کرنی چاہئیں تاکہ دہشتگردی کے ناسور سے چھٹکارا پایا جا سکے۔عمران خان کے دھرنے کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ کپتان نے نواز شریف کے ساتھ مک مکا کر کے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا اور پختون قوم کو ایک بار پھر دھوکہ دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پختونوں کی بدقسمتی یہ ہے کہ وہ اپنے دوست اور دُشمن میں پہچان نہیں کر سکتے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے اپنے خطاب میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین کو سلام پیش کیا اور کہا کہ مذہب کے نام پر ہونے والی یہ دہشتگردی جہاد نہیں فساد ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسفند یار ولی خان نے بہت پہلے یہ بات کہہ دی تھی کہ اچھے اور برے طالبان کی تمیز نہیں ہونی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے جبکہ آج بھی مذاکرات کا ڈھنڈورا پیٹنے والے خواب غفلت میں ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے اصل محرکات سامنے لائے جائیں اور پھانسی کی سزا کے اعلان پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔اے این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و ترجمان سردار حسین بابک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس انسانیت سوز واقعے اور بربریت کے خلاف اظہار یکجہتی کرنے پر پوری دُنیا کے مشکور ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کا واحد حل باہمی اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اپنی دھرتی پر امن کیلئے عوام کیساتھ کھڑی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ اس موقع پر اے این پی ضلع پشاور کے صدر ملک نسیم اور سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے صدر ملک غلام مصطفیٰ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :