پشاوردہشتگردی بدترین عمل ہے ، دُنیا کے ظالم ترین افراد نے بھی بچوں سے ایسا نہیں کیا ، ڈاکٹر جمال ناصر،

سکول کے بچوں کا قتل عام کرکے دہشتگردوں نے انسانیت کی دھجیاں بکھیر دیں اور اپنی حیوانیت کو ثابت کیا ، ایسے حیوان کسی رعایت کے مستحق نہیں ، حکومت کا پھانسی کی سزا پر عملدرآمد کا فیصلہ نہایت بروقت ہے جلد عملدرآمد کیا جائے، دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنایا جانا چاہیے، تعزیتی اجلاس سے خطاب

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:27

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) معصوم بچوں کا قتل دہشتگردی کی بدترین مثال ہے، انتہائی بزدلانہ اور غیر انسانی فعل ہے پھول جیسے بچوں کو گولیوں سے چھلنی کرنے والے حیوان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ان کو عبرت کا نشان بنا دیا جانا چاہیے۔ سانحہ پشاور بدترین عمل ہے اور دُنیا کے ظالم ترین افراد نے بھی بچوں سے اس طرح کی بدسلوکی نہیں کی ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کے راہنما اور پاکستان گرین ٹاسک فورس کے صدر ڈاکٹر جمال ناصر نے آج سانحہ پشاور کے شہداء کے لئے منعقدہ ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سکول کے بچوں کا قتل عام کرکے دہشتگردوں نے انسانیت کی دھجیاں بکھیر دیں اور اپنی حیوانیت کو ثابت کیاہے۔ پشاور واقعہ میں بچوں نے اپنا خون دے کر اس ملک میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے اور انکا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا کیونکہ پوری قوم متحد ہے اور اس سانحہ میں حکومت اور فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

سیاستدانوں نے بھی متحد ہو کر قومی یکجہتی کا پیغام دیا ہے حکومت کا پھانسی کی سزا پر عملدرآمد کا فیصلہ نہایت بروقت ہے آل پارٹی کانفرنس اور تحریک انصاف سے معاملات طے کرنے کے اقدامات حکومتی سنجیدگی کاثبوت ہیں ۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی قیادت میں بننے والی کمیٹی عنقریب تاریخی فیصلے کرے گی اور ملک کے بہترین مفاد کو پیش نظر رکھ کر لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔

کیونکہ چوہدری نثار ایک محب وطن پاکستانی اور عزم و ہمت والے قومی راہنما ہیں۔اس تعزیتی اجلاس میں ڈاکٹر محمد بدر عالم ،بریگیڈئر ظہور الرحمن ، کرنل محمود االرحمن ، کرنل محمد یوسف ، ڈاکٹر اشعر عالمگیر ، ڈاکٹر محمود الحسن ، زبیر ناصر ، ڈاکٹر عثمان ارشد ، ڈاکٹر جام ریاض ، ڈاکٹر رضوان ملک ، ڈاکٹر محمد وقاراکرم ، ڈاکٹر عاصم شہزاد ، ڈاکٹر محمد رضا ، محمد جاوید چوہان، شیخ عمر سعید ، شیخ فیصل رشید ، احسان الحق ، سیدمحبوب شاہ ، شہزاد حسین ڈار ، اعجاز رفیق کھوکھر اور آصف مظہر بھی شریک ہوئے ۔ اس موقع پر شہداء سانحہ پشاورکے ایصال ثواب کے لئے دُعا کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :