راولپنڈی سے نیو مری چلنے والی مسافر ویگنوں اور کوسٹرزنے نئے کرایہ ناموں کو ہوا میں اڑا دیا،

اوورلوڈنگ کرنا اور روٹ مکمل نہ کرنا اور ڈرائیوروں ،کنڈیکٹروں کا مسافروں سے بد تمیزی اور جھگڑا کرنا بھی وطیرہ بن چکاہے،عوامی وسماجی حلقوں کااظہارتشویش

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:18

نیومری(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء ) راولپنڈی سے نیو مری براستہ انگوری روڈ سنمبل سیداں چلنے والی مسافر ویگنوں اور کوسٹرزنے نئے کرایہ ناموں کو ہوا میں اڑا دیا۔زائد کرایہ وصولی کے ساتھ ساتھ اوورلوڈنگ کرنا اور روٹ مکمل نہ کرنا اور ڈرائیوروں ،کنڈیکٹروں کا مسافروں سے بد تمیزی اور جھگڑا کرنا بھی وطیرہ بن چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق پیٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے بعد پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایے کم کرنے کی ہدایت جاری کی ۔

ضلع راولپنڈی کے RTOنے دیگر روٹ سمیت راولپنڈی تا نیو مری براستہ انگوری سنمبل سیداں چلنے والی ویگنوں اور کوسٹرز کو نیا کرایہ نامہ مورخہ 01/11/2014جاری تو کردیا ہے تاہم اس روٹ کے ٹرانسپورٹرز نے عملاً کرایے میں ابھی تک ایک روپے کی بھی کمی نہیں کی اور صورتحال یہ ہے کہ بہارا کہوسے سنمبل سیداں 34روپے اصل کرایہ کے بجائے کوسٹر80روپے ویگن 90روپے فی سواری جبکہ فیض آباد سے سنبل سیداں کا اصل کرایہ 58روپے کی بجائے 100روپے فی سواری وصول کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

مزید ستم ظریفی دیکھیں کہ اکثر گاڑیاں خصوصاً دوپہر کے بعد روٹ مکمل نہیں کرتیں اور نیو مری سے واپس راولپنڈی روٹ مکمل کرنے کی بجائے بہارا کہو سے ہی واپس نیو مری چلی جاتی ہیں ۔ٹرانسپورٹروں کی اس من مانی اور قانون شکنی پر جس نے بھی آواز بلندکی اس مسافر کیساتھ جھگڑا کرنا،مار پیٹ اور گالم گلوچ کرنا ڈرائیوروں اور کنڈیکڑوں نے وطیرہ بنا لیا ہے ۔عوام الناس نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ،ڈی سی پنڈی سمیت آر ٹی اے اور ٹریفک حکام سے اصلاح احوال کی اپیل کرتے ہوئے اس روٹ پر ٹرانسپورٹروں کی غنڈہ گردی اور لاقانونیت کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :