سانحہ پشاور نے امت مسلمہ کو غم میں مبتلا کر دیا، ڈاکٹر الدریویش،

جامعات متشدد رویوں کے سدباب میں اپنا کردار ادا کریں، صدر اسلامی یونیورسٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں اظہار خیال

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور نے امت مسلمہ کو غم اور افسوس میں مبتلا کر دیا ہے اور مستقبل میں ایسے انسانیت سوز واقعات سے بچنے کے لیے تعلیمی اداروں کو نوجوانوں کی فکری تربیت پر خصوصی توجہ دینا ہو گی جبکہ اسلامی یونیورسٹی ، دعوہ اکیڈمی، اقبال ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ ، ادارہ تحقیقات اسلامی اور شریعہ اکیڈمی جیسے اداروں کے ذریعے معاشرے میں متشدد رجحانات کے سد باب اور اسلام کے پیغام اعتدال کو عام کرنے میں اپنی کوششیں مزید تیز کر دے گی۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر الدریویش نے یہاں جمعرات کے روز جامعہ کے اعلیٰ عہدیدران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کے دوران کیا جس میں نائب صدر تدریسی امور ڈاکٹر محمد بشیر خان، جامعہ کے ڈائریکٹر جنرلز ، ڈینز اور ڈائریکٹر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

دوران اجلاس صدر جامعہ نے کہا کہ دین اسلام انسانیت کے قتل اور فساد کے رویوں کی سخت مخالفت کرتا ہے کیونکہ یہ نبی آخرالزمان کا دین ہے جن کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور قابل مذمت واقعہ ہے اور اس نے خاص طور پر ملک کے معلمین کی ذمہ داریاں بڑھا دی ہیں کیونکہ درسگاہیں وہ بہترین ذریعہ ہیں جو سیمینار ، کانفرنس اور پروگراموں کے ذریعے اسلام کے میانہ روی ، انسان دوستی اور صبروتحمل کے پیغام کو نوجوانوں کے اذہان تک بخوبی پہنچا سکتی ہیں۔ڈاکٹر الدریویش نے اس موقع پر معاشرے کے افراد بشمول طلبہ کی تربیت کرنے والے جامعہ کی دعوہ اکیڈمی اور اقبال ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ جیسے اداروں کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ مستقبل میں مزید پروگرام ترتیب دیں جن میں خصوصی توجہ تشدد کی مخالفت اور میانہ روی کے فروغ پر دی جائے۔

اجلاس میں مختلف شعبہ جات ، اداروں اور کلیات کے سربراہان نے صدر جامعہ کو یونیورسٹی کی جانب سے مذکورہ عنوان پر منعقدہ پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر الدریویش نے اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل تشکیل کرنے کی ہدایت کی جو میانہ روی ، اعتدال، تشدد کے خاتمے کے حوالے سے جامعہ کے سکالرز کی تحریروں کے تراجم کو ایک انسائیکلو پیڈیا کی شکل دے گی جنہیں بعد میں عوام الناس تک پہنچایا جائے گا۔

اجلاس میں جامعہ کی عمومی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا جس پر ڈائریکٹر کوالٹی انحانسمنٹ سیل ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے بتایا کہ یونیورسٹی کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی کوالٹی ایشورنس ایجنسی کی جانب سے w کیٹگری میں جگہ دی گئی ہے جو کہ ریکٹر جامعہ، صدر جامعہ اور متعلقہ عہدیدران کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس رینکنگ میں دی جانے والی کیٹیگری میں w کیٹگری بہترین کام سر انجام دینے والے اداروں کو دی جاتی ہے۔ ڈاکٹر الدریویش نے اس کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے جامعہ کے کوالٹی انحانسمنٹ سیل میں ریکٹر جامعہ اور تمام افراد کی محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسلامی یونیورسٹی جلد دنیا کی بہترین جامعات میں اپنا نمایاں مقام حاصل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :