گورنر پنجاب کا سی ایم ایچ پشاور ہسپتال کا دورہ ، آرمی پبلک سکول کے سانحہ میں زخمی ہونیوالے طالبعلموں کی عیادت ،

آپ اور آپ کے ساتھیوں نے ملک کی ناموس اور عزت کیلئے اپنے خون کا جو نذرانہ پیش کیا ہے وہ کسی صورت رائیگاں نہیں جائیگا، ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ بہادری، جرات اور دلیری کی داستان رقم کی ہیں ، ہمارے بچے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ‘ چوہدری محمد سرور

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:08

پشاور /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سی ایم ایچ پشاور ہسپتال میں آرمی پبلک سکول کے سانحہ میں زخمی ہونے والے طالب علموں کی عیادت کی ۔ انہوں نے اس موقع پر ایک ایک بچے سے ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے کہا کہ آپ اور آپ کے ساتھیوں نے ملک کی ناموس اور عزت کے لئے اپنے خون کا جو نذرانہ پیش کیا ہے وہ کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔

آپ بچوں نے جرات اور بہادری کی وہ داستاں رقم کی ہے کہ ملک کی آنیوالی تاریخ اس کو اپنے دامن میں سنہرے حروف میں لکھے گی۔ گورنر پنجاب نے بچوں سے خیریت دریافت کرتے ہوئے جب پوچھا تو ہر بچے نے کہا کہ وہ اپنے ملک کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لئے اپنی پاک فوج اور قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ ہمارے معصوم ساتھیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اس ملک سے دہشت گردی کا عفریت ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ بہادری، جرات اور دلیری کی داستان رقم کی ہیں اور اس واقعے سے ثابت ہو گیا ہے کہ ان کے بچے بھی پاکستان کی سالمیت اور حرمت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔بعد ازاں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گورنر خیبر پختون خواہ سردار مہتاب احمد خاں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھار باہر پھینکنے کے لئے افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ علماء اکرام ،سول سوسائٹی اور پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کا آل پارٹیز کانفرنس کا بلایا جانا اس بات کی غماضی کرتا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے یکجاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئر میں کا ملک سے دھرنے ختم کرنے کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پشاور میں ہونے والے اس المناک سانحہ اور عظیم قومی نقصان پر پوری قوم اشکبار اور غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کوئی ایسا نہیں جس کی آنکھ اس سانحہ پر اشکبار نہ ہوئی ہو اور اس نے اس کی پُر زور مذمت نہ کی ہو۔ گورنر نے کہا کہ آج پوری قوم اس عفریت کے خاتمے کے لئے متفق اور متحد ہو گئی ہے اور انشا ء اللہ بہت جلد ان شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان معصوم شہیدوں کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے دشمن جان لیں کہ ان کے مکمل خاتمے تک پوری قوم برسرِ پیکار رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سکول کی پرنسپل اگر چاہتی تہ اپنی جان بچا سکتی تھیں لیکن انہوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کئی بچوں کی زندگیوں کو محفوظ کیا ۔انہوں نے سکول ٹیچر صائمہ جبیں کی قربانی کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ درندوں نے انہیں بھی زندہ جلا ڈالا۔ گورنر پنجاب نے شہیدوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے لوگ ان کے غم میں برابر کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری دعائیں اور نیک تمنائیں ان شہدا کے والدین، عزیر و اقارب کیساتھ ہیں اور دلی طور لپر دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جگر گوشوں کی جدائی کا صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر عطا فرمائے۔