تمام پارٹیوں کی نمائندگی کیساتھ ” قومی ایکشن پلان کمیٹی “ کاقیام احسن فیصلہ ہے،ملک شکیل اعوان ،

کمیٹی کی سفارشات کے بعد ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو گا، چیف کوآرڈنیٹروزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کے چیف کواڈنیٹرپنجاب سابق رُکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان نے کہا کہ تمام پارٹیوں کی نمائندگی کے ساتھ ” قومی ایکشن پلان کمیٹی “ کاقیام اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو اس کمیٹی کی سربراہی سوپنا وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں کااحسن فیصلہ ہے۔

” قومی ایکشن پلان کمیٹی“ کی سفارشات کے بعد مُلک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس پشاور کے معصوم نہتے شہیدوں کا خون کبھی رائیگا ں نہیں جائیگا ۔ اِن معصوموں نے اپنی جانیں دیکر پاکستان کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دہشت گردی سے پاک کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے ۔

(جاری ہے)

جسکا پہلا ثبوت تمام سیاسی جماعتوں کا ذاتی اختلاف بھول کر ملک کو پُر امن بنانے کے لئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی کال پر ایک میز پر اکٹھے ہونا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی اٹھارہ کروڑ عوام کی نظر یں مُلک کی سیاسی اور فوجی قیادت کی طرف لگی ہوئی ہیں ۔ جو معصوم اور بے گناہ شہیدوں کے خون کا حساب مانگ رہے ہیں ۔ اور اپنی آئیندہ نسلوں اور پاک سر زمین پاکستان کو محفوظ بنانے کے لئے سیاسی قیادت سے ایک ہو نے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ اور یہ اُمید کرتے ہیں کہ بے گناہ شہیدوں کے خون سے وفاء کی جائے گی ۔ اور جسطرح مُلک کی قومی سیاسی قیادت نے سانحہ پشاور سکول کے فوراََ بعد محب وطنی اور انسان دوستی کا بہترین عملی مظاہرہ کیا یہ در حقیقت پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والوں کے لئے بہت بڑا پیغام ہے ۔ قوم متحد ہو چکی ہے ۔ اور مُلک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا عزم رکھتی ہے ۔