سانحہ پشاور ، پاکستان بھر میں کرسمس تقریبات سادگی سے منائی جائیں گی‘ سینیٹر کامران مائیکل /خلیل طاہر سندھو

ہم بطور پاکستانی سانحہ پشاور کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ،پوری قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہیں، قوم کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھانے والوں کو محب وطن پاکستانی کبھی معاف نہیں کرینگے ‘ وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ اور وزیر مذہبی امور کی پریس کانفرنس

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء ) سینیٹر اور وفاقی وزیر برائے پورٹس و شپنگ کامران مائیکل اور وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق پنجاب خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ ہم بطور پاکستانی سانحہ پشاور کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور پوری قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہیں ۔یہاں محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امو ر پنجاب کے دفتر میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کامران مائیکل اور صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں اور لوگوں کی شہادت پر ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں ، قوم کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھانے والوں کو محب وطن پاکستانی کبھی معاف نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو دہشت گردی کا خاتمہ کر کے اپنے ملک کو قائد اعظم کے خوابوں کے مطابق فلاحی مملکت بنانا ہے تاکہ آنے والی نسلیں خوف کی زندگی نہ گزاریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنی صفوں میں انتشار پیدا کرنے والے عناصر کی نشاندہی کریں اور پاکستان اور پاکستان کے مستقبل پر حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا دیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم بطور پاکستانی اپنے وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور اپنے وطن کے لئے ہم اپنے جان بھی قربان کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کی حمایت کرنے والوں کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور کوئی بھی ذی شعور انسان اس کی حمایت نہیں کرتا ۔ سینیٹر کامران مائیکل اور صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کرسمس کی تقریبات ملتوی کی جا رہی ہیں ۔ پاکستان کے تمام گرجا گھروں ، مندروں اور گردواروں میں شہید ہونے والوں کے لئے دعائیہ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر کو پاکستان کے گرجا گھروں میں سادگی سے کرسمس منانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی قوم کو محبت اور ہم آہنگی کا پیغام دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب انسانیت کی تذلیل کی تعلیم نہیں دیتا ۔نبی کریم اور دیگر انبیا ء کرام کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان سے ہیں یہ ملک ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے اس پر کوئی آنچ نہیں آ سکتی ہم اپنے وطن کے تحفظ کے لئے متحد ہیں ۔ پریس کانفرنس میں اقلیتی ایم پی اے شکیل آئیوان ، طارق مسیح گل ، میری گل کے علاوہ سردار اکاش سنگھ،ڈاکٹر منوہر چند ، پرورفیسر عتیق،شبنم ناگی ، مہناز ،سید نوبہار شاہ اورعلمائے کرام بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر شہید ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور ملک و قوم کی یکجہتی کے لئے خصوصی دعا ئیں مانگی گئیں۔

متعلقہ عنوان :