افغانستان حکومت یقین دہانی کرائے آئندہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، حلیم عادل شیخ ،

یہ حقیقت ہے حکمرانو ں کی غیر سنجیدگی ملک میں بڑے بڑے بحرانوں کاسبب ہے ، سانحہ پشاور ہم سب کا مشترکہ غم ہے، صدر ق لیگ سندھ

جمعرات 18 دسمبر 2014 19:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ افغانستان کی حکومت اس بات کی یقین دہانی کروائے کہ آئندہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ آرمی چیف کے دورہ کابل اور دہشت گردی کے خلاف ان کی جدوجہد کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سانحہ پشاور کے بعد سول حکومت حکومت سے یہ ہی امید رکھی جاسکتی ہے کہ وہ عسکری قیادت کے ساتھ ملکر دہشت گردی کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی،حکمرانوں نے اپنے دوسالوں میں عوام کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا اس نے بھی قوم کو بہت نقصان پہنچایاہے۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ حکمرانو ں کی غیر سنجیدگی ملک میں بڑے بڑے بحرانوں کاسبب ہے مگر سانحہ پشاور کسی ایک کا نہیں ہم سب کا مشترکہ غم ہے عمران خان نے بہترین سیاسی حکمت عملی کا ثبوت دیا وزیر اعظم سے بعد میں نمٹ لینگے مگر جن لوگوں نے معصوم ننھے شہیدوں کا مستقبل تباہ کیا وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ہی متحد ہے مگر اس بات کا خیال رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا کہ کہیں ایسا تو نہیں ہے کہ یہ دہشت گردعناصر غیر ملکی طاقتوں کے آلہ کار تو نہیں کہیں یہ سب کچھ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش تو نہیں ہے ان تو تمام باتوں کا مثبت جواب جہاں دہشت گردوں کا خاتمہ ہے وہاں متحد ہوکر ان ممالک کو یہ باور بھی کرنا مقصود ہے کہ ہم آپس میں کتنے ہی جھگڑے فساد کرتے رہیں مگرملک کی بقاء اور سلامتی کے لیے ہم سب ایک ہیں۔

یہ بات انہوں نے مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں یوتھ ونگ کے صوبائی صدر آغا رفیع اللہ کے ساتھ آئے ہوئے وفد سے ملاقات میں کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ایسے ماحول میں دھرنے ختم کرکے پی ٹی آئی نے بڑے پن کا ثبوت ہے جس کا جواب اس حکومت کو اس انداز میں دینا چاہئے کہ وہ عوام کو سستی بجلی دے مہنگائی کو ختم کرے اور تمام غیر محفوظ اسکولوں اورجامعات کو محفوظ بنانے میں اپنا کردارادا کرے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہو۔اس موقع پر یوتھ ونگ کے رہنما فرحان شاہ، ملیر میں یوتھ ونگ کے صدر رانا زوالفقار ،شیخ اقبال،واصل خان اور دیگر بھی موجود تھے۔