ہر دور کے حکمرانوں نے نظریہ پاکستان سے بے وفائی کی،عبد الرزاق،

قرآن کریم سے مضبوط تعلق ہی ہمیں آفات سے بچا سکتی ہے۔جماعت اسلامی اس ملک کو بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ،استقبالیہ سے خطاب

جمعرات 18 دسمبر 2014 19:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان نے کہا ہے کہ ہر دور کے حکمرانوں نے نظریہ پاکستان سے بے وفائی کی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک پر دہشت گردوں کا راج ہے ۔حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث آج پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی کے حوالے سے موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔حکمران جب تک امریکی غلامی سے باہر نہیں آئیں گے پاکستانی عوام ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوں گے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے بدھ کو حید ر چالی پٹھان کالونی میں جماعت اسلامی سائٹ زون کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر ضلع مولانا فضل احد نے درس قرآن دیا جبکہ امیر زون سید سلطان روم ، حاجی بشیر احمد ، حاجی سراج احمد ، ڈاکٹر نور الحق ، احسان محمد ، مولانا خائستہ محمد و دیگر اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

امیر ضلع عبد الرزاق نے کہا کہ عرب کے اس ظالمانہ معاشرے کو اسلام کے عادلانہ نظام نے ہی تبدیل کیا جس کی دنیا مثالیں دے رہی ہیں ۔ قرآن کریم سے مضبوط تعلق ہی ہمیں آفات سے بچا سکتی ہے اللہ کو راضی کرنے کا اہتمام کیا جائے اللہ کے دئے ہوئے سرزمین پاک پر جب تک اللہ کا کلمہ سربلند نہ ہوگا مسائل ختم نہیں ہوں گے عوام اللہ کو راضی کرنے اور ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں۔

جماعت اسلامی کے کارکنان قرآن کریم کے آفاقی پیغام کو تھام کر دنیا کو پیغام دیں کہ اسلام ہی امن و سلامتی کا ضامن ہے۔جماعت اسلامی ہی اس ملک کو بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے جماعت اسلامی کا ماضی گواہ ہے کہ اقتدار میں رہ کر بھی الحمد للہ ہمارا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت علی خان کے قتل سے لے کر سانحہ پشاور تک کسی ایک بھی سانحہ کی رپورٹ عوام کے سامنے نہیں لائی گئی اور نہ ہی اس کے ذمہ داران کوگرفتار کرکے سزا دی گئی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں ہم سو سال پیچھے ہیں اس کی وجہ نااہل حکمران ہیں ، اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے آج بھی حکومت کے مزے لوٹ رہے ہیں جبکہ 80 فیصد عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں عوام کی جان و مال محفوظ نہیں ۔ عوام متحد ہوکر ان ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کریں اور زمام کار نیک اور صالح لوگوں کے حوالے کرے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ پشاور کے ذمہ داران کو فوری طور پر گرفتار کر کے منظر عام پر لایا جائے اور انہیں سزا دیکر نشان عبرت بنایا جائے۔مولانا فضل احد نے کہا کہ انسان کو ایک خاص مقصد کے لئے دنیا میں بھیجا گیا ہے۔ ہمیں اپنی تمام تر صلاحیتیں اللہ کی راہ میں خرچ کرنی چاہیے۔ انہوں کہا کہ خوف خدا رکھنے والے لوگ اقتدار میں آئیں گے تو امن قائم ہوگا انہوں نے کہا کہ استثناء کی بات کرنے والے حکمران سیرت حضرت علی  کا مطالعہ کریں ۔ حاجی بشیر احمد نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں پوشیدہ ہے جب تک اسلام کا عادلانہ نظام قائم نہیں ہوگا اس وقت تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :