کراچی، پشاور حملے کے نتیجے میں 132معصوم بچوں سمیت 141سے زائد افراد کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے، خرم شیر زمان ،

معصوم بچوں کو جس طرح دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ایسی بربریت کی داستان کو صدیوں میں بھی بھلایا نہیں جاسکتا ، امن واک سے خطاب

جمعرات 18 دسمبر 2014 19:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے گزشتہ روز پشاور آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 132معصوم بچوں سمیت 141سے زائد افراد کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے ، دہشت گردوں نے علم کی شمع کو بجھانے کی کوشش کی ہے ، معصوم طلباء کو خون میں نہلانے والوں کو عبرتناک سزائیں دینی چاہیے تاکہ دوسروں کے لیے نشان عبرت بن جائیں ۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز کلفٹن تین تلوار سے 2تلوار تک شہدائے پشاور کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے امن واک سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان ، خواتین ونگ سندھ کی صدر نازیہ ربانی ، معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو ، ضلع ساؤتھ کے صدر آصف خٹک، عثمان کوہستانی ، سعدیہ آغااور دیگر پارٹی رہنماؤں و کارکنان سمیت سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

امن واک سے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے حملے کے لیے 16دسمبر کی تاریخ کو متعین کر کے پاکستان دشمنی کا ثبوت دیا ہے اور دہشت گردی کا یہ واقعہ ملک دشمنوں کی کارستانی ہے ،پاکستانی قوم اب متحد ہوچکی ہے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں ۔سانحہ پشاور سے آج پوری قوم سوگوار ہے اور ان دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو جس طرح دہشت گردی کا نشانہ بنایا ایسے بربریت کی داستان کو صدیوں میں بھی بھلایا نہیں جاسکتا ۔ پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے اس غم میں برابر کی شریک ہے ۔

متعلقہ عنوان :