سانحہ پشاور انتہائی قابل مذمت ، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم ، سیاسی قیادت متحد ہوچکی ہے،سرداریوسف،

دہشتگردی کے خلاف تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اظہار یک جہتی قابل ستائش ہے،،سکول کے بچوں کے ساتھ اس بڑے سانحہ نے تمام سیاسی و مذہبی راہنماؤ ں کو یکجا کر دیا ہے،وفاقی وزیر مذہبی امورکی وفود سے گفتگو

جمعرات 18 دسمبر 2014 19:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہاہے کہ سانحہ پشاور انتہائی قابل مذمت ہے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم اور سیاسی قیادت متحد ہوچکی ہے، دہشتگردی کے خلاف تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اظہار یک جہتی قابل ستائش ہے،،سکول کے بچوں کے ساتھ اس بڑے سانحہ نے تمام سیاسی و مذہبی راہنماؤ ں کو یکجا کر دیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار محمد یوسف نے کہاکہ یہ المناک سانحہ قوم صدیوں فراموش نہ کر سکے گی ۔ دہشت گردوں نے ہماری اس نسل کو نشانہ بنایا ہے جس نے آنے والے کل میں اس ملک کی باگ ڈور کو سنبھالنا تھا ۔ یہ حملہ پاکستان کی بقا ء مستقبل اور سا لمیت پر حملہ ہے ۔

(جاری ہے)

اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ دہشت گردوں نے بچوں کو ٹارگٹ کرکے ہمارے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اس جنگ میں پاکستان کا بچہ بچہ اپنے ملک اور انسانیت کو بچانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔

موجودہ صورتحال میں ہمیں مذہبی و سیاسی اختلافات بھلا کرمشترکہ پالیسی بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا دہشت گردوں نے سکول کے پھول جیسے نونہالوں کوموت کی نیند سلا کر پورے ملک کو صدمے سے دو چار کیا ہے ہمیں ذاتی و فروعی اختلافات سے بالا تر ہو کر دہشت گردی جیسے چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :