سانحہ پشاور کے بعدملک بھر میں کاروبار زندگی بحال ہونے کے باوجود سوگ کا عالم بر قرا ر

تعلیمی اداروں کے طلبہ اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کی طرف سے شہداء کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کاسلسلہ جاری ، مختلف مقامات پر گزشتہ روز بھی شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ،سرکاری ملازمین اور سول سوسائٹی کے افراد کی شرکت

جمعرات 18 دسمبر 2014 18:57

سانحہ پشاور کے بعدملک بھر میں کاروبار زندگی بحال ہونے کے باوجود سوگ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) سانحہ پشاور کے بعدملک بھر میں کاروبار زندگی بحال ہونے کے باوجود دوسرے روز بھی سوگ کا عالم بر قرا ررہا ،تعلیمی اداروں کے طلبہ اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کی طرف سے شہداء کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کاسلسلہ جاری ہے ،مختلف مقامات پر گزشتہ روز بھی شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے سکول میں پیش آنیوالے دہشتگردی کے واقعہ کیخلاف بدھ کے روز ملک بھر میں مارکیٹیں اور بازار بند رہے جو گزشتہ روز کھل گئے تاہم سوگ کا عالم بر قرار ہے ۔ گزشتہ روزبھی مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا اور طلبہ اس سانحے پر افسوس کا اظہارکرتے رہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی طرف سے مزنگ آفس میں قرآن خوانی اور بعد ازاں اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی ۔

اس دوران مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک اور رکن صوبائی اسمبلی کرن ڈار فرط جذبات سے آبدیدہ ہو گئیں ، انہوں نے کہا کہ جب عام شہریوں کو اس سانحہ پر صبر نہیں آرہا تو معصوم شہداء کی مائیں کس طرح صبر کریں گی۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام لبرٹی چوک میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہداء کے لئے پھول رکھے گئے ۔اس موقع پر تعلیمی اداروں کے طلبہ اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

تحریک انصاف ویمن ونگ کے زیر اہتمام بھی چیئرنگ کراس چوک میں شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔ اس موقع پر شرکاء نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردی کے خلاف اور سانحہ میں شہید ہونے والوں کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ لاہور پریس کلب کے باہر علماء و مشائخ اہل سنت کے زیر اہتمام مظاہرہ کیا گیا جس میں دہشتگردی کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی ۔

اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ اس سانحہ کے اصل چہروں کو بے نقاب کیا جائے۔پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام ڈیفنس میں سانحہ کے شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔ جوہر ٹاؤن میں ایل ڈی اے ملازمین نے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جس میں سول سوسائٹی کے افرا دنے بھی شرکت کی ۔ٹاؤن شپ میں بھی لیسکو ملازمین نے سانحہ پشاور کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی اور فاتحہ خوانی کی۔