مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام سکول حملے میں شہید ہونیوالے طلباء اور سٹاف ممبران کے ایصال ثواب کیلئے تعزیتی ریفرنس ،

سکول و کالج پر حملہ کرنے ،معصوم طلباء کو خون میں نہلانے والے انسان کہنے کے بھی لائق نہیں ظلم و بربریت کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ‘ مذموم مقاصد کیلئے معصوم کلیوں کو نشانہ بنانا کہاں کی انسانیت ہے،اقبال ظفرجھگڑا،پیر صابرشاہ

جمعرات 18 دسمبر 2014 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام صوبائی سیکرٹریٹ میں آرمی پبلک سکول و کالج پر حملے میں شہید ہونے والے طلباء اور سٹاف ممبران کے ایصال ثواب کیلئے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی اور شہداء کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا‘ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا‘ خیبر پختونخوا کے صدر پیر صابر شاہ‘ سینئر نائب صدر ملک جہانزیب‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر خان موسیٰ زئی‘ حاجی صفت اللہ ‘ حاجی امان اللہ‘ خواتین ونگ کی رہنما نجمہ نوشیروان‘ شاہین حبیب اللہ‘ ممبر قومی اسمبلی طاہرہ بخاری اور ناہید سمیت دیگر عہدیداروں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی‘ تعزیتی ریفرنس کے موقع پر پہلے قرآن خوانی کی گئی اور بعد ازاں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ‘ دعاء کے دوران متعدد لیگی رہنما آبدیدہ ہو گئے‘ تعزیتی ریفرنس میں مقررین نے آرمی پبلک سکول و کالج پر حملے کو بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا‘ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے کہا کہ آرمی پبلک سکول و کالج پر حملہ کرنے اور معصوم طلباء کو خون میں نہلانے والے انسان کہنے کے بھی لائق نہیں ‘ ظلم و بربریت کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ‘ مذموم مقاصد کیلئے معصوم کلیوں کو نشانہ بنانا کہاں کی انسانیت ہے‘ جس نے بھی کیا ہے اس نے پوری دنیا کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے‘ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو رلا یا ہے جب سے واقعہ ہوا ہے کوئی بھی پاکستانی سو نہیں پایا کیونکہ معصوم بچوں کے ساتھ وحشیانہ ظلم کیا گیا‘ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا انہیں ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا‘ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے واقعہ کے فوری بعد پشاور پہنچ کر متاثرین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور پوری سیاسی قیادت کو بٹھا کر ایک لائحہ عمل دیدیا ہے جس سے اب اس دہشت گردی کے ناسور سے بہت جلد چھٹکارا پا لیں گے‘ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت روز اول سے عوام کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے کیلئے سرگرم عمل ہے اسی خاطر فوجی آپریشنز بھی شروع کئے گئے لیکن وہ دن دور نہیں جب لوگ بے خوف و خطر گوم پھرسکیں گے دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے ۔

متعلقہ عنوان :