سانحہ پشاور میں ملوث درندے اپنے انجام سے بچ نہیں پائیں گے،اسدقیصر،

پشاور کے دلخراش واقعے پر پوری قوم غم سے نڈھال ہے،سپیکر صوبائی اسمبلی شہید پرنسپل مسز طاہرہ قاضی کی رہائشگاہ پرگئے

جمعرات 18 دسمبر 2014 18:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کی پرنسپل مسز طاہرہ قاضی کی لازوال قربانی کو تاریخ میں سنہرے الفاظ میں تحریر کیا جائے گا ۔پشاور کے دلخراش واقعے پر پوری قوم غم سے نڈھال ہے سانحہ پشاور میں ملوث درندے اپنے انجام سے بچ نہیں پائیں گے۔سپیکر نے ان خیالات کا اظہار پشاو میں وقع آرمی پبلک سکول کی شہید پرنسپل مسز طاہرہ قاضی کی رہائشگاہ پر جاکر ان کے اہل خانہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق احمد غنی ، وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی اور سابقہ وزیر صحت شوکت یوسفزئی کے علاوہ دیگر شخصیات بھی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ اور معصوم بچوں پر ایسی بربریت وحشی بھی نہیں کرسکتے یہ انسانیت کی تذلیل ہے انہوں نے کہا کہ جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ شہیدہ نے کیا بہت کم ایسی مثالیں ملتی ہیں انہوں نے شہید پرنسپل صاحبہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری کے تذکرے مدتوں کئے جائیں گے جو دیگر لوگوں کے لئے مشعل راہ ہوں گے سپیکر نے بعد ازاں شہید پرنسپل کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے لئے دعا مغفرت کرتے ہوئے لواحقین کو صبرجمیل عطا کرنے کے لئے دعا کی ۔