پشاور سانحہ کے شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے کرسچن انسٹیٹیوٹ ،خدیجتہ الکبریٰ سکول میں دعائیہ تقریب ،واک کا اہتمام ،

پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے ،مسیحی برادری نے کرسمس کے موقع پر تقریبات کو سادگی سے منانے کا اعلان ، کلمہ کے نام پر حاصل کیا گیا ملک قتل گاہ بن چکا ،خدا ان دہشت گردوں کو ہدایت دے ‘ سیموئیل ، قاری شمس الحق ،جانسن جان

جمعرات 18 دسمبر 2014 18:25

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) پشاور سانحہ کے شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے کرسچن انسٹیٹیوٹ سکول میں اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا ،جس میں حلقہ بھر کے کرسچن سکولوں کے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر پرنسپل خالد ،پاسٹر یعقوب سیموئیل ، قاری شمس الحق اور چرچ کوائر کے رہنماء جانسن جان نے کہا کہ کلمہ کے نام پر حاصل کیا گیا ملک قتل گاہ بن چکا ہے ۔

خدا ان دہشت گردوں کو ہدائت دے ۔انہوں نے دینی مدارس اورسکولوں کی حفاظت کے خصوصی انتظات کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے ۔مسیحی برادری نے کرسمس کے موقع پر تقریبات کو سادگی سے منانے کا اعلان کیا ۔دوسری طرف خدیجتہ الکبریٰ ہائیر سکینڈری سکول کے سینکڑوں طلباو طالبات نے آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے واک کا اہتمام کیا ،جس کی قیادت پرنسپل میڈم زاہدہ صدیق نے کی ،انہوں نے کہا کہ پشاور سانحہ نے پوری قوم کو رلادیا ہے ۔

(جاری ہے)

معصوم بچوں کو خون میں نہلانے والے سفاک دہشت گرد دائرہ اسلام سے باہر ہیں ۔غیر ملکی دشمنان کی پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دے کر اس کی تقسیم نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح زلزلہ اور سیلاب میں قوم اکٹھی ہوئی سانحہ پشاور نے بھی قوم کو متحد کردیا ہے ۔ملکی سا لمیت کیلئے اپنی صفوں میں چھپی کالی بھیڑوں کو نکالنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی قربانی قوم کے اتحاد کا ذریعہ بن گئی ہے ۔تمام مکاتب فکر کے عوام کو 16دسمبر کا منحوس دن کبھی بھولنا نہیں چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمہ کی جنگ میں حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔