دہشتگردی کے خلاف ایکشن پلان کی تیاری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل ہوگا

جمعرات 18 دسمبر 2014 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء)دہشتگردی کے خلاف ایکشن پلان کی تیاری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس(آج)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت ہوگا ‘ کمیٹی کے سربراہ نے پارلیمانی رہنماؤں سے رابطے کر کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی ذرائع کے مطابق دہشتگردی کے خلاف ایکشن پلان کی تیاری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس (آج)جمعہ کو ہوگا اس سلسلے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پارلیمانی رہنماؤں سے رابطے کئے ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی ‘ قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیر پاؤ ‘ عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر افراسیاب خٹک ‘ عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد ‘ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ ‘ جے یو آئی (ف)کے محمد اکرم خان درانی ‘ مسلم لیگ (ق)کے مشاہد حسین سید ‘ مسلم لیگ (ض)کے اعجاز الحق ‘ ایم کیوایم کے رشید گوڈیل پارلیمانی کمیٹی کے اجلا س میں شریک ہونگے فاٹا کی نمائندگی غازی گلاب جمال کرینگے ذرائع نے بتایا کہ فاٹا سے دو اور ارکان بھی شامل کئے جاسکتے ہیں محمود خان اچکزئی پختون خوا ملی عوامی پارٹی کی نمائندگی کرینگے اجلاس چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں ہوگا جس میں انسداد دہشت گردی سے متعلق ایکشن پلان کی تیاری کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات زیر غور آئیں گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو ایک ہفتے میں اانسداد دہشت گردی ایکشن پلان مرتب کرنا ہے جو تیاری کے بعد وزیر اعظم محمد نوا زشریف کو پیش کیا جائے گا۔حکومتی ذرائع کے مطابق ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتوں کو حتمی طور پر اعتماد میں لینے کے بعد اسے قوم کے سامنے پیش کر کے اس پر فوری عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کیساتھ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنیو الے اداروں کے حکام بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم براہ راست نگرانی کرینگے۔