انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوئٹہ کینٹ کے زیراہتمام شہداء آرمی پبلک سکول پشاور کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

جمعرات 18 دسمبر 2014 17:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) کوئٹہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوئٹہ کینٹ میں گزشتہ روز آرمی پبلک سکول پشاور کے132طلباء وطالبات سمیت 141شہداء کے لئے لیکچر ہال میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی جس میں سینئر فیکلٹی ممبران اور اسٹاف کی کثیرتعداد نے شرکت کی اس موقع پر اپنے تعزیتی کلمات ادا کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ارباب عبدالودود نے کہا کہ ان حالات میں ہم سب کا فرض ہے کہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظررکھیں سانحہ پشاور کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ایک شخص کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے معصوم طلباء کو شہید کرنیوالوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے اس موقع پر وائس پرنسپل/کمانڈنٹ بریگیڈئیرزاہد حمید نے کہا کہ سانحہ کی مذمت کیلئے الفاظ نہیں دل سوز واقعہ نے تمام ذی شعور انسانوں کو افسردہ کردیا ہے ہم سانحہ پشاور کے شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں اس لازوال قربانی پرسلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کالج اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ارگرد رونما ہونیوالے ہر عمل پر نظر رکھیں اور کسی بھی چیز یا شخص کے بارے میں شک ہوتو فوراً انتظامیہ کو مطلع کریں جب تک ہم اپنے طورپر ان سازشوں کو مقابلہ نہیں کرینگے ملک میں امن قائم نہیں ہوسکے گا بعدازاں شرکاء نے دعا کی کہ اللہ پاک شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ اور انکے لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس افسوسناک سانحہ میں زخمی ہونیوالے طلباء کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔