کھلی کچہری میں جن شہریوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے جاتے ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،ایڈمنسٹریٹر کراچی کی متعلقہ حکام کو ہدایت

جمعرات 18 دسمبر 2014 17:24

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ کھلی کچہری میں جن شہریوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے جاتے ہیں ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے بصورت دیگر جن محکموں میں بھی شہریوں کے مسائل سے متعلق درخواستیں التواء کا شکار ہوں گی ان افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جمعرات کو اپنے دفتر میں شہریوں سے ملاقات کے موقع پر بعض افراد نے شکایت کی کہ جن درخواستوں پر آپ نے احکامات جاری کئے ہیں افسران ان مسائل کو حل کرنے میں تاخیری حربے اختیار کرتے ہیں اور اس کا بروقت جواب نہیں دے رہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے 3 گھنٹے تک شہریوں کی شکایات سنیں اور ان کی درخواستوں پر مسائل حل کرنے کے احکامات دےئے، ا س موقع پر انہوں نے شہریوں کے مسائل کے حل میں تاخیر ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن کو ہدایت کی کہ متعلقہ افسران کو تنبیہی خط جاری کیا جائے کہ شہریوں کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی تاخیر نہ کی جائے خصوصاً جن درخواستوں پر احکامات جاری ہوچکے ہیں ان پر فوراً کارروائی کی جائے انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سوک سینٹر کے دفتر میں شہریوں سے ملاقات کرتے ہیں اور ان کے مسائل سنتے ہیں حل طلب مسائل کو فوری حل کرنے کے احکامات دےئے جاتے ہیں لہٰذا اس کے بعد تاخیر نہیں ہونا چاہئے ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ زیادہ تر مسائل لینڈ مینجمنٹ اور فنانس و ایڈمنسٹریشن سے متعلق ہیں جن مسئلوں کو حل ہونا ہے ان کو فوری حل کردیا جائے تاکہ شہری پریشان نہ ہوں اور جن مسائل میں قانونی رکاوٹ ہے اس کے بارے میں بھی پوری معلومات فراہم کی جانی چاہئے تاکہ شہریوں کو معلوم ہوسکے کہ جس مسئلے میں تاخیر ہورہی ہے یا حل نہیں ہورہا اس میں کیا قانونی رکاوٹ یادشواری حائل ہے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی افسران کو زیادہ متحرک طور پر خدمات انجام دینا چاہئے کیونکہ یہ شہری ادارہ ہے اور براہ راست شہریوں کا ادارے سے واسطہ پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ تنبیہی خط کے بعد بھی اگر شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی دریں اثناء جمعرات کو سوک سینٹر میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے 3 گھنٹے تک عوامی شکایات سنیں اور شہریوں کے مسائل پر احکامات جاری کئے اور ان کو فوری حل کرنے کی ہدایات دیں۔

متعلقہ عنوان :