سیاسی و فوجی قیادت سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہو چکی ہے‘محمد شہبازشریف

جمعرات 18 دسمبر 2014 17:18

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میں پیش آنے والے دہشت گردی کے بدترین واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے، سفاک درندے اور ان کے سرپرست عبرتناک سزا کے مستحق ہیں،دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کا وقت آ پہنچا ہے، سفاک درندوں اور ان کے سہولت کاروں کو شکست دے کر ہی دم لیں گے، یہ وقت اتحاد و اتفاق کا ہے اور سیاسی و فوجی قیادت سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحدہو چکی ہے۔

وہ یہاں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال اور تعلیمی اداروں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں پیش آنے والا واقعہ دنیا کی تاریخ کا بدترین دہشت گردی کا واقعہ ہے جس میں معصوم بچوں کو بے دردی سے نشانہ بنایا گیا اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

پوری قوم اس سانحہ پر غمزدہ ہے ،ہر آنکھ آشکبار ہے اور ہر دل زخمی ہے ۔معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے پاکستان اور18کروڑ عوام کے کھلے دشمن ہیں اور عبرتناک سزا کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب کو ملکرمقابلہ کرنا ہوگا اور اس سانحہ سے پوری قوم میں اتحاد اوراتفاق پیدا ہوچکا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا اس دھرتی سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے صفایا کیا جائے اوران سفاک درندوں اوران کے سرپرستوں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کو حقیقی معنوں میں قائد اوراقبال کا پاکستان بنانے کیلئے دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے اجتماعی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گااوریہ بات انتہائی حوصلہ افزاء ہے کہ سیاسی و فوجی قیادت سمیت پوری قوم آج دہشت گردی کے خلاف متحد اور یکجا ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے،نئی نسل کو محفوظ اور پرامن مستقبل دینے کی جنگ ہے،یہ جنگ18کروڑ عوام کی جنگ ہے ،جو ہر صورت جیتیں گے کیونکہ پاکستان کو بچانے کی جنگ میں صرف جیت ہی واحد آپشن ہے۔

انہو ں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے ہر قسم کے دہشت گردوں کایکساں طورپرقلع قمع ضروری ہے ۔اب یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ دہشت گردوں میں اچھے اور برے کی تفریق مناسب نہیں بلکہ سب کے خلاف یکساں طورپر بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔اگرچہ یہ بہت بڑا چیلنج ہے لیکن حکومت ،تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ،سول سوسائٹی، پاک افواج اوردیگر تمام طبقات مل کر اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پہلے بھی وسائل دیئے، آئندہ بھی دیں گے۔تمام جرأت مندانہ فیصلوں پر من و عن موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ تعلیمی اداروں کے سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کیا جائے۔

تمام متعلقہ محکمے باہمی کوآرڈینیشن کے ساتھ فرائض سرانجام دیں اور شرپسندوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ہنگامی حالات ،ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں،لہذاتمام متعلقہ محکمے فرائض کی انجام دہی میں فعال انداز میں کام کریں،کیونکہ اب کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام اہم مقامات کی سکیورٹی کو مزیدبہتربنایا جائے اورموثر کمیونیکیشن نظام کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدر آمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ سیکرٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے امن عامہ کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال یاسین، رانا مشہود احمد، ایم این اے حمزہ شہباز، مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، اراکین صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ، زعیم حسین قادری، معاون خصوصی رانا مقبول، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز داخلہ، صحت، سکولز ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن، اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔