سکندر شیر پاؤ کی آرمی پبلک سکول پر حملے میں شہید ہونیوالے بچوں، اساتذہ کے خاندانوں سے تعزیت

جمعرات 18 دسمبر 2014 17:05

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ آرمی پبلک سکول پرحملے میں شہیدہونے والے بچوں اور اساتذہ کے خاندانوں سے تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہوں پر گئے اور شہید بچوں کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور غم زدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔اس سلسلے میں پشاور اور چارسدہ کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے شہیدبچوں کے والدین سے اظہار یکجہتی اور اس اندو ہناک واقعے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس قسم کے بزدلانہ حملوں کے ذریعے قو م کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔ انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے تحفظ اور امن کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ اس اندوہناک واقعہ نے پوری قوم کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے اور ہر طرف صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کا قلع قمع ہو سکے۔اس موقع پرقومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر اور ضلع چارسدہ کے پارٹی عہدیدار بھی موجود تھے۔