گورنر پنجاب، گورنر خیبرپختونخوا وصدر آزاد کشمیر کا دورہ پشاور

جمعرات 18 دسمبر 2014 17:01

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان جمعرات کے روز مختصردورے پر پشاور پہنچے اپنی آمد کے بعد وہ گورنرہاؤس گئے جہاں انہوں نے گورنرسردار مہتاب احمدخان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آرمی پبلک سکول پشاور میں حال ہی میں دہشت گردوں کے حملے کے افسوسناک واقعے پر غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کے احساسات کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے پنجاب اور آزاد جموں وکشمیرکے عوام کی جانب سے بھی بھرپور یکجہتی کا اظہارکیا۔

دریں اثناء اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے گورنر سردار مہتاب احمدخان نے کہاکہ اس المناک واقعے کی بناء پر وطن عزیز کے ہر حصے کے عوام دکھی ہوئے ہیں اور ان کی جانب سے اخوت وبرادرانہ جذبات کا اظہاریقینا ہمارے لئے بحیثیت قوم خاص طور پر متاثرہ خاندانوں کیلئے حوصلے کاباعث ہے۔ گورنرنے معزز مہمانوں کا متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اخوت ومحبت کے احساسات کے اظہارکیلئے پشاور آمد پران کا شکریہ ادا کیا۔