سانحہ پشاور نے پوری قوم کو دہشت گردی کیخلاف متحد کر دیا ہے ، خورشید شاہ

جمعرات 18 دسمبر 2014 17:01

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کر دیا ہے ‘ وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے ۔بچوں پر حملہ پاکستان کے مستقبل پر حملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم اپنے سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائے۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ‘ سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ اور شیری رحمن کے ہمراہ جمعرات کے روز پشاور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچے روشن مستقبل کے لئے سکول آئے تھے جو دہشت گردی کے بدترین واقعہ میں شہید و زخمی ہوئے ۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ ان بچوں پر حملہ پاکستان کے مستقبل پر حملہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم اپنے سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائے ۔ آل پارٹیز کانفرنس کے بارے میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی ہے اور اس جنگ کو جیتنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہیں ۔

خورشید شاہ نے میڈیا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیلنجز اور حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں یہ طے پایا گیا کہ تمام جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے گی جس میں ملٹری اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے جو سات دنوں کے اندر دہشت گردی کے خلاف پلان آف ایکشن کے لئے اپنی سفارشات مرتب کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تقریباً پچیس لاکھ کے قریب آئی ڈی پیز ہیں اور ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری حکومت کی ہے ۔ عمران خان کی جانب سے دھرنا ختم کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اچھا اقدام ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی قیادت کے خلاف جتنے بھی کیسز بنے ہیں انہیں واپس لیا جائے گا ۔ اس موقع پر سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم یہاں غمزدہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آئے ہیں یہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے اور دہشت گردی کے خلاف ہمیں اکٹھا ہونا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان پاکستان کے لئے ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت سے آگے کھڑی ہونے کے لئے تیار ہے ۔ پیپلز پارٹی ایک ر وشن خیال اور پرامن پاکستان کی خواہاں ہے ۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ سے پوری دنیا لرز اٹھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں باہمی اتفاق رائے کی ضرورت ہے اس سانحہ کے لئے صرف مذمتی بیانات کافی نہیں ‘ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم متحد ہے ۔ پی پی نے دہشت گردی کے خلاف زیادہ قربانیاں دی ہیں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہوئیں ۔ اس موقع پر پی پی رہنما شیری رحمن نے کہا کہ بچوں پر حملہ پاکستان کے مستقبل پر حملہ ہے ‘ بچوں کے مستقبل کو تاریک بنانے کی مہم کو ناکام بنانا ہو گا ‘ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں یہ فیصلہ ہوا کہ اچھے اور برے طالبان کی تمیز نہیں رکھی جائے گی ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام غم اور دکھ کی اس گھڑی میں خیبر پختونخوا حکومت اور لواحقین کے ساتھ شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے متاثرین کی بھرپور خدمت کی ہے سندھ میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں اور بہت جلد سندھ سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :