Live Updates

پشاور سکول میں 134بچے شہید ہوگئے مگر عمران خان دہشت گرد طالبان کیخلاف ایک لفظ نہیں بولے، نثارکھوڑو

جمعرات 18 دسمبر 2014 16:36

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) سندھ کے سینئر وزیر نثار احمد کھوڑونے کہاہے کہ عمران خان دھرنا ختم کرکے قوم پر کوئی احسان کرکے نہ دکھائیں ، عمران خان دہشت گرد قیدی آزاد کرانے والے طالبا ن کے نظریاتی بھائی ہیں ، پشاور اسکول میں 134بچے شہید ہوگئے مگر عمران خان دہشت گرد طالبان کے خلاف ایک لفظ نہیں بولے،وہ قو م کوبتائیں کہ طالبان کے ساتھ ہیں یا دہشت گردوں کے خلاف قوم کے ساتھ ایک آواز ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کواپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔نثار احمد کھوڑونے کہا کہ عمران خان نے چار ماہ تک دھرنے دیئے مگر ان کے دھرنوں کو کسی نے نشانہ نہیں بنایا مگر طالبان اور دہشتگرد معصوم اسکول کے بچوں ،پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جس سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ طالبا ن اور دہشت گردوں کے حامی کون ہیں ،اگر عمران خان میں ہمت ہے تو وہ اپنے نظریاتی بھائیوں طالبان کے خلاف اعلان جنگ کریں ۔

(جاری ہے)

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ عمران خان دھاندلی پر نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں جو کہ دھاندلی الیکشن کمیشن نے کرائی اور ماڈل ٹاؤن سانحہ پر وزیراعلیٰ پنجاپ سے استعفیٰ مانگا گیاتو پشاور میں 134معصوم بچے شہید ہوگئے جس پر عمران خان اپنے کے پی کے وزیر اعلیٰ سے استعفیٰ کیوں نہیں مانگتے؟ ،عمران خان کو فوری طور پر اپنے وزیر اعلیٰ سے استعفیٰ لینا چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور سانحہ کی کالعدم تنظیم تحریک طالبان نے جب ذمہ داری قبول کی ہے تو پوری قوم کا یہ مطالبہ ہے کہ سانحہ کی ایف آئی آر تحریک طالبان کی قیادت ملا فضل اللہ سمیت دیگر کے خلاف کٹوائی جائے ،انہوں نے کہا کہ جب پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور کے پی کے میں حکومت بھی عمران خان کی ہے تو تاحال تحریک طالبان کی قیادت کے خلاف سانحہ کی ایف آئی آر کیوں نہیں کاٹی گئی صرف ان کے چھوٹے کارندوں کو شامل کرنا کافی نہیں ۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ عمران خان کے نظریاتی بھائی کبھی ان کے صوبے سے قیدی آزاد کرا کے چلے جاتے ہیں تو کبھی اسکولوں میں گھس کر ہمارے بچوں کو شہید کرتے ہیں وہ قوم کو جواب دیں کہ آج تک انھوں نے طالبان کے خلاف واضح موقف کیوں نہیں اختیار کیا او ر ان کے خلاف اعلان جنگ کیوں نہیں کیا ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات