سانحہ پشاور عالم اسلام میں وحشت ، بربریت اور درندگی کی بدترین مثال ہے، چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعرات 18 دسمبر 2014 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور پاکستان اور عالم اسلام میں وحشت و بربریت اور درندگی کی بدترین مثال ہے۔ دہشت گردی کے اس سانحہ پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وفاقی وزیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور قومی سانحہ پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے وفاقی حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اس سانحہ پر بہت دکھی اور غمزدہ ہیں۔ علاوہ ازیں ملاقات میں گلگت بلتستان حکومت کے وزراء کے انتخاب اور آئندہ الیکشن سے متعلق تفصیلاً بات ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے آئندہ ہونے والے انتخابات کو صاف شفاف کرانے سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے سیپ سکولوں اور ان کے اساتذہ کے مسائل پر بھی بات چیت کی۔ وفاقی سیکرٹری شاہد اللہ بیگ نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت سیپ سکولوں اور ان کے اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کام کررہی ہے اور اس ضمن میں جلد اچھی خبر سننے کو ملے گی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے بھاشا ڈیم کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں اور ان کے حل کے لیے تجاویز پر تفصیلاً بات کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھاشا ڈیم اور بونجی ڈیم قومی اہمیت کے منصوبے ہیں جن میں ایک دن کی تاخیر بھی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وفاقی وزیر اور وزیراعظم پاکستان کا خطے کی ترقی میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی، میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب سے ہماری حکومت معرض وجود میں آئی ہے شفافیت کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہورہی ہے۔ اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار کرپشن سے پاک ملکوں کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :