اسرائیلی سٹال، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس اسلامیہ یونیورسٹی کے ریکٹر کو بھیج دیا

جمعرات 18 دسمبر 2014 15:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے اولڈ بلاک فیصل مسجد میں اکتوبر کے مہینے میں مختلف ممالک کے ثقافتی سٹال جس میں اسرائیل کے ثقافتی لباس کی نمائش لگانے کیخلاف دائر درخواست یونیورسٹی ریکٹر کو کیس بھجوانے کے احکامات جاری کردئیے۔ جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسلامک یونیورسٹی میں اسرائیل کے ثقافتی لباس کی نمائش کیخلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت عالیہ میں شہزادہ جہانزیب نامی شخص نے درخواست دائر کی تھی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلامی یونیورسٹی کے اولڈ بلاک فیصل مسجد میں 24‘ 25 اکتوبر کو مختلف ممالک کے ثقافتی سٹال لگائے گئے تھے جن میں اسرائیل کے ثقافتی لباس کی نمائش بھی لگائی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اسرائیل کیساتھ ہمارے اسلامی ملک کے سفارتی تعلقات نہیں ۔ اسرائیل ایک قاتل ملک ہے۔ مسلمانوں کا دشمن ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے۔ یونیورسٹی میں غیر ممالک کے سٹائل نہیں لگائے جاسکتے۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملے کو تحقیقات کیلئے یونیورسٹی کے صدر کو بھیج دیتے ہیں جس پر فاضل وکیل نے کہا کہ درخواست میں یونیورسٹی کے صدر کو فریق بنایا گیا ہے۔ وہ ایک غیر ملکی شخص ہے۔ مذکورہ دلائل کے بعد عدالت نے اسلامی یونیورسٹی میں مختلف ممالک کے لگائے گئے سٹالوں خصوصاً اسرائیل کے ثقافتی لباس کے حوالے سے تحقیقات کیلئے کیس یونیورسٹی ریکٹر کے انچارج کو بھیج دیا اور کیس کی آئندہ سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :