ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے بار کے صدرکی نااہلی کیس

ہائیکورٹ نے سیکرٹری پاکستان بار کونسل کو 23 دسمبر کو عدالت میں طلب کرلیا

جمعرات 18 دسمبر 2014 15:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے بار کے صدر شفقت بھٹی کی نااہلی اور ہائیکورٹ بنچ راولپنڈی 2014-15ء کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری پاکستان بار کونسل کو 23 دسمبر کو عدالت میں طلب کرلیا۔ جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نورالحق این قریشی نے کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار ایڈووکیٹ میر محمد غفران خورشید امتیاز عدالت عالیہ میں پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ بنچ راولپنڈی کے 2014-15ء کے الیکشن کے صدارتی امیدوار شفقت بھٹی کی اہلیت اور الیکشن کو چیلنج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزار بذات خود صدارتی امیدوار تھا۔ پاکستان بار کونسل کے رولز کے مطابق وہ امیدوار جس کے تین سالہ تجربہ میں 45 اہم کیسز کی رپورٹ کے حامل جو صدارتی امیدوار کیلئے اہل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ راولپنڈی بنچ کے صدارتی الیکشن کیلئے پاکستان بار کونسل کے قانون پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صدارت امیدوار کیلئے تین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس میں الیکشن کمیشن نے صرف شفقت بھٹی کو اہل قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفقت بھٹی کا بطور وکیل لائسنس بھی کینسل کردیا ہے۔ عدالت عالیہ کے فاضل جج نے لائسنس کینسل کرنے کے احکامات جاری کئے لیکن پرائیویٹ ٹربیونل نے عدالت عالیہ کے فیصلے کو معطل کیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ درخواست میں پاکستان بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ فریقین کو سننا ضروری ہے۔ فاضل وکیل نے کہا کہ شفقت بھٹی کیخلاف سپریم کورٹ میں بھی کیس چلتا رہا اور سابق صدر سپریم کورٹ بار پیش ہوتے رہے ہیں۔ عدالت نے سیکرٹری پاکستان بار کونسل کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کے احکامات جارری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی

متعلقہ عنوان :