شہرقائد میں ٹارگیٹڈآپریشن کے باوجودفائرنگ اور پرتشددواقعات میں مزیدتین افراد جاں بحق ہوگئے

جمعرات 18 دسمبر 2014 14:24

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء)شہرقائد میں قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے جاری ٹارگیٹڈآپریشن کے باوجود ایک بار پھرٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جمعرات کو فائرنگ اور پرتشددواقعات میں مزیدتین افراد جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح بہادرآباد کے علاقے نیوٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 38سالہ سید حسین شاہ نامی شخص جاں بحق ہوگیا،مقتول کی لاش کو ضابظے کی کارروائی کیلئے عباسی شہداسپتال منتقل کردیا گیا۔

مقتول ورلڈکے آفس میں ملازمت کرتا تھا،ادھر ہاکس بے اور میوہ شاہ قبرستان کے قریب بھی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوئے جن کی لاشوں کو ایمبولنس کے ذریعے قانونی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا، دونوں مقتولین کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔دوسری جانب رات گئے ملیر جمعہ گوٹھ میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔