پشاور حملہ ‘دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی کا مالک گرفتار

جمعرات 18 دسمبر 2014 14:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے میں دہشت گردوں کی جانب سے استعمال کی جانے والی گاڑی کے مالک کو کیپیٹل پولیس نے حراست میں لے لیا ۔حکام کے مطابق گاڑی سے مالک سے تفتیش کی جا رہی ہے کہ آیا اس کا دہشت گردوں سے کسی قسم کا تعلق ہے یا نہیں۔آئی جی پولیس طاہر عالم خان نے رابطہ کرنے پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کامیابی کا سہرا ایس پی پولیس کیپٹن ریٹائرڈ محمد الیاس کے سر جاتا ہے۔

حکام کے مطابق خفیہ ایجنسی نے اسلام آباد پولیس کو حملے میں استعمال ہونے والے گاڑی کا رجسٹریشن نمبر این ای۔187 دیا اور ان سے مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کی درخواست کی۔ایکسائز اینڈ ٹیسیشن کے دفتر سے ملنے والے ریکارڈ کی دد سے ایس پی الیاس گاڑی کے مالک کا پتہ لگانے میں کامیاب رہے اور دارالحکومت کے سیکٹر جی 7/3 میں اس کا ٹھکانا بھی ڈھونڈ لیا۔

(جاری ہے)

سیکٹر میں ایک ریڈ ڈالی گئی جس میں انکشاف ہوا کہ یہاں مشتبہ شخص کا رشتے دار رہتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اس شخص نے مشتبہ ملزم کی گرفتاری میں پولیس کی مدد کی۔کچھ ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ شخص حکومتی محکمے میں کام کرتا ہے لیکن پولیس نے اس بات کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا۔ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ شخص اور اس کا بیٹا ٹریول ایجنسی چلاتے ہیں اور ان کا دفتر پشاور کے یونیورسٹی روڈ پر واقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ گاڑی گزشتہ پانچ سال سے مشتبہ شخص کے زیر استعمال تھی تاہم مشتبہ شخص نے دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ گاڑی اس کے رشتے دار نے ادھار پر لی ہوئی تھی۔ذرائع کے مطابق مشتبہ شخص کے دعووٴں کی تصدیق کے لیے تحقیقات جاری ہے جبکہ مزید تحقیقات کے لیے جمع شدہ تفصیلات پولیس نے انٹیلی جنس ایجنسی کو فراہم کردی ہیں۔

متعلقہ عنوان :