جمہوری قوتوں کی اولین ترجیح ذاتی سیاسی مفادات سے بالا ہو کر قومی مفاد کا تحفظ کرنا ہے ‘پرویز رشید

جمعرات 18 دسمبر 2014 13:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء)وزیراطلاعات ونشریات وقومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جمہوری قوتوں کی اولین ترجیح ذاتی سیاسی مفادات سے بالا ہو کر قومی مفاد کا تحفظ کرنا ہے ‘ تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے دھرنا ختم کر نے سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ایک انٹرویو میں پرویز رشید نے کہاکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ڈی چوک اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کے فیصلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے سراہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اجلاس میں شریک ہو کر اور اپنا دھرنا ختم کرکے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ کے اس اقدام سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ مذاکراتی ٹیمیں دوہزار تیرہ کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالہ سے تحریک انصاف کے تحفظات دور کرنے کیلئے بات چیت کے عمل میں مصروف ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیٹیوں کی سفارشات کے بعد فوری کارروائی کی جائے گی اور متفقہ فیصلہ پر عملدرآمد کیا جائے گا۔