سانحہ پشاور‘گورنمنٹ ہائی سکول بیس بگلہ میں تعزیتی اجلاس

جمعرات 18 دسمبر 2014 12:12

بیس بگلہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء)پشاور میں طلباء کا دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل عام قومی سانحہ ہے جسے کبھی بھلایا نہیں جاسکتا‘دہشتگرد مسلمان تو کیا انسان بھی کہلانے کے مستحق نہیں‘ دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے‘ پوری قوم یکجا ہو کر دہشت گردوں کا مقابلا کرنے کیلئے تیار ہے-ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر ضلع باغ کے نواحی علاقہ بیس بگلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول بیس بگلہ میں منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب ہوئے اساتدہ کرام نے کیا-سانحہ پشاور نے پاکستانیوں کی طرح آزاد کشمیر بھر کے لوگوں کو رلادیا- گورنمنٹ ہائی سکول بیس بگلہ میں تعزیتی اجلاس کے موقع پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی-اجلاس میں ادارے کے اساتذہ سمیت کثیر تعداد میں طلباء نے شرکت کی-تعزیتی تقریب کا آغاز صبح سویرے ہی اسمبلی میں تلاوت کلام پاک سے کیا گیا-صدرمعلم راجہ یونس ‘ سینئر مدرس سردار رمضان خان اور دیگر اساتدہ نے پشاور میں آرمی پبلک سکول میں دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی-انہوں نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد16دسمبر کا ایک اور دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ثابت ہواجب دہشت گردوں نے معصوم اور بے گناہ طالب علموں کو منظم سازش کے تحت دہشت گردی کا نشانہ بنایاجس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی-یہ معمولی نوعیت کا واقعہ نہیں اس واقعہ نے پوری انسانیت کو ہلا کر رکھ دیایہ لوگ درندہ صفت تھے-دہشتگرد کسی صورت مسلمان کہلانے کے مستحق نہیں- طلباء کا قتل عام قومی سانحہ ہے جسے کبھی بھلایا نہیں جاسکتا-اس موقع پر جام شہادت نوش کرنے والے طلباء اور اساتدہ کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا گیا-