چنیوٹ ،متحدہ قومی موومنٹ کے ضلعی سینئر نائب صدر اصغر عباس نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جا ں بحق

جمعرات 18 دسمبر 2014 11:45

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) چنیوٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے ضلعی سینئر نائب صدر اصغر عباس کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، الطاف حسین نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے اصغر عباس کی موت کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے، ٹارگٹ کلنگ بنداورقاتل گرفتارنہ ہوئے تو ملک گیر احتجاج ہوگا۔ پولیس کے مطابق اصغر عباس کو ان کے گھر کے باہر گھات لگائے نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے نشانہ بنایا، ڈی پی او عبدالقادر کے مطابق ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں قاتلوں کی گرفتاری کیلئے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایم کیو ایم کے کارکنان اور ضلعی عہدیدار اسپتال پہنچ گئے۔ مشتعل کارکنوں نے شہر بھر کی دکانیں بند کرا دیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے قتل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ ادھر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے چنیوٹ میں متحدہ کے کارکن کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی کارکردگی صرف خانہ پوری تک محدود ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصغر عباس کی شہادت تحریک کا بہت بڑا نقصان ہے ، اصغر حسین کی شہادت پر میں اور تمام کارکن سوگواروں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصغر عباس کا قتل طالبان ،اس کی ہمدرد لشکر جھنگوی اور دیگر کالعدم تنظیموں کی مشترکہ کارروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبانائزیشن کے خلاف آواز اْٹھانے پر ایم کیو ایم کے عہدیداروں اورکارکنوں کو نشانہ بنایاجارہا ہے۔

اور وزیراعلیٰ شہباز شریف ، مقامی پولیس اور انتظامیہ سے رپورٹیں طلب کرنے سے زیادہ کچھ نہیں کررہے۔ اس کے علاوہ، متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام صوبہ سندھ ، پنجاب ،خیبرپختونخوا ،بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں سانحہ پشاور کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہدا سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔