اے این پی کا سانحہ پشاور کے خلاف مظاہرہ ،

بچوں کا مستقبل عزیز ہے، سازش کے تحت کارروائیاں کی جارہی ہیں، اصغر خان اچکزئی

بدھ 17 دسمبر 2014 19:12

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر 2014ء) اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی اور بلوچستان صوبائی اسمبلی میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے چیئرمین رفیع اللہ کاکڑ کی قیادت میں بدھ کی شام کو باچا خان مرکز سے سانحہ پشاور کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کوئٹہ شہر کے مختلف شاہراؤں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی مظاہرے سے بلوچستان اسمبلی کے رکن انجینئر زمرک اچکزئی نے کہاکہ ایک سازش کے تحت پشتونوں کی نسل کشی کی جارہی ہے اب ہمارے جنازے جرگہ عدالتیں کوئی محفوظ نہیں رہا ہمیں ترقی نہیں چاہیے ہم اپنے بچوں کا مستقبل عزیز ہے ہمیں تحفظ دیا جائے پشتونوں کے خلاف ایک سازش کے تحت تمام کارروائیاں کی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ ہم امن وخوشحالی چاہتے ہیں مگر ہمیں بربادی کی طرف دھکیلا جارہا ہے جلسے سے اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ پشاور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے پاکستان کی تاریخ میں پہلا واقعہ ہے کہ معصوم بچوں کو جس طرح شہید کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی انہوں نے کہاکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ کریں صوبہ خیبر پختونخوا میں اس وقت دھرنوں والوں کی حکومت ہے یہ ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ کریں انہوں نے کہاکہ ہم یہ پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ خفیہ ادارے جن پر حکومت کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے مگر وہ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ کرنے میں کیوں ناکام ہوگئی ہے اس کا ذمہ دار کون ہے گذشتہ روز پشاور میں ڈیڑھ سو سے زیادہ بچے شہید ہوئے مگر حکومت کسی کے بھی خلاف کارروائی میں ناکام رہی ہے اگر یہی صورتحال رہی ہے تو ہمیں اپنے بچوں اور قوم کا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے کیونکہ جو حکومت لوگوں کی جان ومال کا تحفظ نہ کرسکیں انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں اس موقع پر سانحہ پشاور میں شہید ہونیوالے بچوں کیلئے شمعیں روشن کی گئیں ۔