اسلامی یونیورسٹی:سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے لیے دعائیہ تقریب

بدھ 17 دسمبر 2014 19:03

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر 2014ء ) : بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آبادکے نیو کیمپس ، اولڈ کیمپس فیصل مسجد اور ذیلی اداروں شریعہ اکیڈمی، اداراہ تحقیقات اسلامی ،اور دعوہ اکیڈمی میں بھی آرمی پبلک سکول پشاورکے شہید طلبہ کے لیے دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ نیو کیمپس کی دعائیہ تقریب میں یونیورسٹی کے نائب صدر تدریسی امور اور ڈاکٹربشیر خان ، نائب صدر اعلیٰ تعلیم و تحقیق ڈاکٹر محمد طاہر منصوری سمیت شعبہ جات کے سربراہان ، ڈینز، ڈائریکٹر ز اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹربشیر خان نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پر حملہ پاکستان کے لیے بہت بڑا سانحہ ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں پر سفاکانہ اور بزدلانہ حملے سے دہشت گرد اور پاکستان دشمن کبھی بھی اپنے ناپاک عزائم پورے نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

نائب صدر نے آرمی پبلک سکول پر حملے کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد نہ صرف یہ کہ وہ مسلمان نہیں بلکہ وہ انسان بھی نہیں ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ دشمن ان بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے ہمیں تقسیم کرنا چاہتا ہے جو کہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ ڈاکٹربشیر نے شرکاء سے استدعا کی کہ وہ عزم صمیم کا ساتھ دشمن کے خلاف اتفاق ، اتحاد سے اٹھ کھڑے ہوں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام بلا شبہ سلامتی کا دین ہے جو امن محبت کا درس دیتا ہے۔ ڈاکٹر طاہر منصوری نے اپنے کلمات میں دہشت گردی کا واقعے کی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی اس دردناک واقعے کے غم میں برابر شریک ہے اور اس درد کو محسوس کر سکتی ہے کیونکہ اسلامی یونیورسٹی بھی اس دہشت گردی کا نشانہ بن چکی ہے۔

ڈاکٹر طاہر منصوری نے کہا دہشت گرد اسلام پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں جن کوکسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی ۔ آخر میں ڈین فیکلٹی آف شریعہ اینڈ لاء ڈاکٹر طاہر حکیم نے شہیدوں کی روحوں اور ان کے لواحقین کے لیے دعا فرمائی۔زیاد