شہدائے پشاور کی غائبانہ نماز جنازہ ا سینٹر ل پولیس آفس کراچی میں ادا کی گئی،

آئی جی سندھ پولیس افسران سمیت سی پی او میں تعینات پولیس افسران اہلکاروں واسٹاف کی شرکت

بدھ 17 دسمبر 2014 18:59

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر 2014ء) شہدائے پشاور کی غائبانہ نماز جنازہ آ سینٹر ل پولیس آفس کراچی میں ادا کی گئی جس میں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی و سنیئر پولیس افسران سمیت سی پی او میں تعینات پولیس افسران اہلکاروں واسٹاف نے شرکت کی۔ میڈیا سے بات چیت میں آئی جی سندھ نے کہا کہ سانحہ پشاور سے پور ا ملک سوگوار ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ سے دُعا ہے کہ شہدائے پشاور کے لواحقین کو صبروجمیل عطا فرمائے (آمین ) ۔

اُنہوں نے کہا کہ معصوم بچوں اور خواتین کو قتل کرنے والے یہ دہشت گرد مسلمان تو کیا انسان کہنے کے بھی لائق نہیں ہیں۔ یہ دجال کے پیروکار اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ایسے حملوں سے وہ پاکستانی قوم کے حوصلے پست کردینگے تو یہ اُن کی بھول ہے ۔ پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خاتمے تک اُن کے ناپاک ارادوں اور گھناؤنے عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ سندھ پولیس نے شہدائے پشاور کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان اور اس میں شامل صوبہ سندھ کی سرزمین اُن کے لئے تنگ کردی جائے گی اور ان سمیت اُن کے کارندوں اور سہولت کاروں کو کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ سندھ پولیس پاکستانی عوا م اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں آئی جی سندھ نے کہاکہ صوبے کے تمام اسکولوں ،تعلیمی اداروں سمیت تمام حساس تنصیبات ،عمارتوں وغیرہ کے لئے ایک علیحدہ سے خصوصی سیکیورٹی پلان ترتیب دے کر اس نافذ العمل بنایاجارہا ہے اور اس سلسلے میں تمام ڈی آئی جیز وضلعوں کے ایس ایس پیز کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :