معصوم طلبہ کو خون میں نہلانے والے انسانیت کے قاتل ہیں،جماعة الدعوة کراچی

بدھ 17 دسمبر 2014 18:59

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر 2014ء) سانحہ پشاور کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر بڑے احتجاجی مظاہرے سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ معصوم طلبہ کو خون میں نہلانے والے انسانیت کے قاتل ہیں۔ مسجدوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر خون کی ہولی کھیلنے والے اب معصوموں کے جان کے بھی دشمن بن گئے۔

دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ بھارتی پارلیمنٹ میں دو منٹ کی خاموشی ڈرامہ ہے۔ افغانستان میں بھارتی قونصل خانے دہشت گردوں کو مکمل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔ معصوم بچوں اور اساتذہ کے قتل کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا، حکومت اور دفاعی ادارے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے لیے مضبوط کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

پوری قوم ان کے پشت پر کھڑی ہے۔ مظاہرے سے جماعت غربا اہلحدیث کے رہنما حافظ محمد سلفی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کراچی کے امیر افضل سردار، جماعة الدعوة کے رہنما حافظ محمد امجد، عبداللہ رحمانی اور عبدالقیوم نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے سانحہ پشاور کے شہداء کا غائبانہ نماز جنازہ بھی پڑھائی۔

نماز جنازہ کے موقع پر انتہائی رقط آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ لوگ سسکیوں اور آہوں کے ساتھ زار و قطار روتے رہے۔ احتجاجی مظاہرے میں جماعة الدعوة کے اسکولوں کے طلبہ اور اساتذہ کرام کی بڑی تعداد کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ شریک تھے۔ اس سے قبل پریس کلب کے باہر دہشت گردی کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی گئی۔

طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر معصوموں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، آرمی پبلک اسکول کا واقعہ سانحہ پشاور نہیں بلکہ سانحہ پاکستان ہے، جیسے جملے درج تھے۔ امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہ آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے۔

دشمن قوتیں اس سانحے پر خوش ہوں گی کہ ان کا ایجنڈ پایہ تکمیل تک پہنچ رہا ہے۔ اس بزدلانہ کارروائی سے ملک دشمنوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا۔ آرمی چیف سے قوم کو امید ہے کہ دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان احتجاجی تحریک کو چند دنوں کے لیے نہیں بلکہ مستقل طور پر ترک کردے، موجودہ دور میں اتحاد کی ضرورت پہلے سے بڑھ کر ہے۔

حکومت اور قومی جماعتیں تمام تر اختلافات ترک کرکے دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ بھارت نے اجیت دوال کو قومی سلامتی کا مشیر اسی لیے متعین کر رکھا ہے کہ وہ پاکستان میں فرقہ واریت اور قتل و غارت گری کو فروغ دے۔ سانحہ پشاور بھی اسے سلسلے کی کڑی ہے۔ جہاد کے نام فساد پھیلانا اسلام دشمنوں کا ایجنڈا ہے۔

جماعت غربا اہلحدیث کے رہنما حافظ محمد سلفی نے کہا کہ سانحہ پشاور سے صرف پاکستان کو نہیں بلکہ پوری امت کو صدمہ پہنچا ہے۔ دہشت گردوں کا معصوموں پر حملہ سراسر جہالت ہے۔ ہم شہید طلبہ اور ان کے لواحقین کے درد کو اپنا درد سمجھتے ہیں۔ معصوموں کا قصاص ہر صورت لے کر رہیں گے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کراچی کے امیر افصل سردار نے کہا کہ دہشت گردوں کی کارروائی سے صرف مسلمان نہیں بلکہ انسانیت بھی شرم سے سرشار ہیں۔

ہم سیاستدانوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ یہ سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد کا وقت ہے۔ اس بزدلانہ کارروائی سے ہم کسی صورت بھی دبنے والے نہیں ہے۔ پاکستان آرمی خود کو تنہا نہ سمجھے پوری قوم ان کے پشت پر کھڑی ہے۔ جماعة الدعوة کے رہنما حافظ محمد امجد نے کہا کہ ہم پاکستان میں عسکری کارروائیوں کو درست نہیں سمجھتے۔ امریکا اور بھارت نے خطے میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

دہشت گرد انہی کے اشاروں پر ملک دشمن ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔ عبداللہ رحمانی اور عبدالقیوم نے کہا کہ ظالم جہاد کے نام پر دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔ مسلمان اس طرح کے ظالمانہ کارروائی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ اللہ اور اس کے رسولﷺ نے جن کافروں کے خلاف جہاد کی اجازت دی ہے، ان کے بچوں کا بھی قتل کرنے سے منع فرمایا ہے۔ حکومت، سیاستدان اور عوام دہشت گردی کے خلاف مضبوط قوت بن کر کھڑے ہوں۔

متعلقہ عنوان :