تمام رہنما مل کر دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کریں،پاکستان ورکرز کنفیڈریشن

بدھ 17 دسمبر 2014 18:49

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر 2014ء) پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت چوہدری محمد یعقوب صدر (پی ڈبلیو سی) پنجاب منعقد ہوا، اجلاس میں کنفیڈریشن سے ملحقہ پاکستان ورکرز فیڈریشن، آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن، پاکستان مزدور محاذ، متحدہ لیبر فیڈریشن، باؤنڈڈ لیبر فیڈریشن، پاکستان لیبر فیڈریشن اور ورکنگ ویمن یونین کے رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس کے شرکاء نے پشاور میں سکول کے طلباء پر ہونے والے دہشت گردی کے حملہ کو ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام رہنما مل کر دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کریں اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والے عناصر کو بے نقاب کریں، پی ڈبلیو سی کے رہنماؤں چوہدری محمد نسیم، آئمہ محمود، فضل واحد، شوکت علی چوہدری، مہر صفدر علی، شائینہ کوثر اور حاجی سعید آرائیں نے کہا کہ پاکستان بھرکی مزدور برادری اس دہشت گردی کے خلاف، فوج سمیت ہر اس جماعت اور تنظیم کے ساتھ ہے جو دہشت گردی کی لعنت کو پاکستان سے ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی، پی ڈبلیو سی کے رہنماؤں نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم اور نہتے بچوں کو اپنی بربریت کانشانہ بنا کر یہ ثابت کیا ہے کہ نہ صرف وہ بزدل ترین لوگ ہیں بلکہ ساتھ ہی ساتھ وہ کسی کی بھی ہمدردی یا حمایت کے حق دار نہیں ہیں، پی ڈبلیو سی کے رہنماؤں نے کہا کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

متعلقہ عنوان :