سانحہ پشاور نے پوری قوم کو غم میں ڈبودیا،معصوم بچوں کو خون میں نہلانے والے اللہ کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، مفتی محمد نعیم

بدھ 17 دسمبر 2014 18:12

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر 2014ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ سانحہ پشاوردہشت گردوں کی بدترین کاروائی ہے جس نے پوری قوم کو غم میں ڈبودیا،معصوم بچوں کو خون میں نہلانے والے اللہ کی گرفت سے نہیں بچ سکتے ،مذموم کاروائیوں کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں، اسلام حالت جنگ میں بھی دشمنوں کی خواتین ،بچوں بوڑھوں اورحتیٰ کہ کھیت کھلیان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیتاہے ،تمام مذہبی طبقات المناک سانحہ کے شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک اور ان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ٹی وی انٹرویوکے دوران انہوں نے مزیدکہاکہ دشمن منظم منصوبہ بندھی کے ذریعے اسلام وپاکستان کوبدنام کررہے ہیں ایک طرف معصوم عوام ،بچوں ، بوڑھوں اور خواتین کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر وطن عزیز کو مفلوج کرنے کی کوشش تو دوسری جانب مذموم کاروائیوں کو اسلام سے جوڑ کر اسلام کو عالمی سطحی پر بدنام کیاجاتاہے،تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو لیت ولعل کے بجائے متحد ہوکر ٹھوس فیصلے کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ،پشاور میں پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس کاانعقاد خوش آیندلیکن ان فیصلوں پر عملدرآمد بھی فی الفوریقینی بنایاجائے اور اس کوقانون تحفظ دیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی ان کاروائیوں میں غیر ملکی ہاتھ کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے ،سابق اورموجودہ اعلیٰ حکومتی حکام مسلسل کہہ رہے ہیں کہ غیرملکی ایجنسیوں کے ایجنٹ دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں جبکہ ملکی سلامتی پر مامور اداروں ،ریاستی وعوامی املاک بشمول مساجد ومدارس اور سیکورٹی فورسزپر حملوں میں پاکستان کے اذلی دشمنوں کے ایجنٹ ملوث ہونے کے ثبوت بھی موجود ہیں تو پھر قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ حکمران خاموش کیوں ہیں؟ عالمی سطح پر ان مسائل کو اٹھایا کیوں نہیں اٹھایا گیا َ؟ مفتی محمد نعیم نے مطالبہ کیا کہ سانحہ پشاور کے اصل ذمہ داروں کاتعین اور دشمنوں کو بے نقاب کرکے ان کاقلع قمع کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :