تمام صوبائی وزراء عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریاں منعقد کریں، سید قائم علی شاہ

بدھ 17 دسمبر 2014 17:49

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء)وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تمام صوبائی وزراء کو عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے اور ا ن کے مسائل حل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے صوبائی کابینہ کے تمام وزراء کو صوبے کے مختلف اضلاع میں عوامی کھلی کچہریاں منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر16جنوری 2015کو ضلع سجاول میں عوامی کچہری میں شرکت کریں گے اور سجاول کے عوام کے مسائل سنیں گے، اس کے علاوہ صوبائی اطلاعات و لوکل گورنمینٹ شرجیل انعام میمن19جنوری 2015کو ٹھٹھہ ضلع میں کھلی کچہری میں شرکت کریں گے اور عوامی مسائل کے تدارک کیلئے متعلقہ افسران کو فوری طور پر احکامات جاری کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں قائم عوامی شکایتی مرکز میں صوبائی وزراء کی ڈیوٹیاں لگائی ہوئی ہیں جس کے تحت 23دسمبر بروز منگل کو صبح 9سے دوپہر ایک بجے تک صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز میر ہزار خان بجارانی جبکہ دوپہر ایک بجے سے شام 5بجے تک سینئر صوبائی وزیرتعلیم نثار احمدکھوڑو پبلک کمپلین سیل میں بیٹھ کر فون کے ذریعے عوامی مسائل سنیں گے اور ان کے تدارک کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کریں گے۔