وزارتِ خزانہ نے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کیلئے 50 کروڑ روپے کی رقم جاری کردی، شازم اختر

بدھ 17 دسمبر 2014 17:36

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) ترجمان پاکستان اسٹیل نے بتایا کہ وزارتِ خزانہ حکومت پاکستان نے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کیلئے تیسرے حصے کی دوسری قسط 50 کروڑ روپے جاری کردیئے ہیں۔ اس رقم سے پاکستان اسٹیل کے تمام ملازمین کو ماہ اکتوبر2014 ء کی تنخواہ ادا کی جاسکے گی۔ اُمید ہے جیسے ہی یہ رقم پاکستان اسٹیل کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی تو ملازمین کو مذکورہ ماہ کی تنخواہ اسی ہفتے جاری کردی جائے گی۔

یہاں یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ انتظامیہ پاکستان اسٹیل نے وزارتِ صنعت و پیداوار کے توسط سے وزارتِ خزانہ حکومت پاکستان سے درخواست کی تھی کہ 50کروڑ روپے کی ایک اور قسط پاکستان اسٹیل کو جاری کی جائے جس سے ادارے کے ملازمین کو ماہ اکتوبر 2014 ء کی تنخواہ ادا کی جاسکے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل بیل آؤٹ پیکیج کی مد میں 1 ارب 50 کروڑروپے کی قسط موصول ہوئی تھی جس سے ملازمین کو ماہ ستمبر2014 ء کی تنخواہ ادا کی گئی تھی۔

پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ وزارتِ خزانہ حکومت پاکستان، وزارتِ صنعت و پیداوار اور پرائیویٹائزیشن کمیشن کی بے حد ممنون و مشکور ہے کہ جن کی کاوشوں سے پاکستان اسٹیل کے ملازمین تنخواہوں اور دیگر ادائیگیوں کو ممکن بنایا جارہاہے۔پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان ، ہلال امتیاز(ملٹری) نے ادارے کے تمام ملازمین کی شب و روز محنت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ حکومتی مالیاتی پیکیج کی بروقت حصولی کے ساتھ درآمدی خام مال کی مسلسل فراہمی اور پلانٹ کی اپنی مدد آپ کے تحت ضروری مرمت و دیکھ بھال کو یقینی بنارہی ہے تاکہ مقررہ پیداواری اہداف کو حاصل کیا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :