پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں وکلاء تنظیموں نے سانحہ پشاور کیخلاف یوم سوگ منایا

بدھ 17 دسمبر 2014 17:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں وکلاء تنظیموں نے سانحہ پشاور کے خلاف یوم سوگ منایا اورہڑتال کرتے ہوئے عدالتی کارروئی کا بائیکاٹ کیا گیا ، شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی اوربار رومز پر سانحہ کے سوگ میں سیاہ پرچم لہرائے گئے ،وکلاء تنظیموں کی طرف سے منعقدہ اجلاسوں میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور دہشتگردی کے واقعے کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔

اجلاسوں کے دوران بارز کے عہدیداروں نے سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث درندوں کو کٹہرے میں لاکر نشان عبرت بنایا جائے ۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے ۔

(جاری ہے)

ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر کے وکلاء نے شہید اور زخمی ہونیوالے بچوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم سوگ منایا ،بعض اضلاع میں وکلاء تنظیموں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔

لاہور ہائیکورٹ بار، لاہور بار ایسوسی ایشن نے بھی سانحہ پشاور کے خلاف بدھ کے روزیوم سوگ مناتے ہوئے ہڑتال کی اور عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا ۔بارز رومز میں مذمتی اجلاس منعقد کئے اور سانحہ پشاور کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔پاکستان بار کونسل کے وائس چیئر مین برہان معظم ملک، سپریم کورٹ بار کے صدر فضل حق عباسی ،لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان ، پاکستان بار کونسل کے سابق وائس چیئر مین رمضان چوہدری، لاہور بار کے صدر چوہدری اشتیاق احمد نے کہا کہ سانحہ پشاور پر ہر کسی کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے اور اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ اس درندگی کے ماسٹر مائنڈ جہاں بھی انہیں تلاش کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے ۔وکلاء کی ہڑتال کے باعث ہائیکورٹ سمیت لاہور کی ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت ہزار وں مقدمات التواء کا شکار ہو گئے اور اپنے کیسز کی پیروی کے لئے آنے والے سائلین کو بغیر کسی کارروائی کے واپس لوٹنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :