معصوم پچوں پر حملہ بزدلانہ فعل ہے ،جتنی مذمت کی جائے کم ہے،اسدقیصر

بدھ 17 دسمبر 2014 17:28

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ معصوم پچوں پر حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔وہ گلبہار ، فقیرآباد، تحصیل، زریاب کالونی اور یکہ توت سمیت پشاور کے مختلف علاقوں کے دورے میں آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین اور لواحقین سے باتیں کررہے تھے ۔

وزیر اطلاعات مشتاق غنی ، شاہ فرمان،حاجی قلندر لودھی ، سردار محمد ادریس، ضیاء للہ آفریدی ، شوکت علی یوسفزئی ، اشتیاق ارمڑ سمیت کئی ایک اراکین اسمبلی بھی سپیکر اسد قیصر کے ہمراہ تھے وہ گھر گھر گئے اور لواحقین سے اس سانحے میں ان کے بچوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیااور کہا کہ اس سانحے میں جام شہادت پانے والے بچے ہمارے اپنے بچے ہیں سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ یہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے اور لواحقین سے تعزیت کے لئے ان کے پاس الفاظ نہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ یہ ایک قومی سانحہ ہے اور جس نے پورے ملک کو سوگوار کردیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس سے ہر ایک دل رنجیدہ اور افسردہ ہے انہوں نے کہا کہ معصوم بچے فرشتے ہوتے ہیں جبکہ حصول علم کے لئے جانے والے ان بچوں کو خون میں نہلا دیا گیا انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کی تاریخ میں کہیں بھی مثال نہیں ملتی جس نے نہ صرف پوری قوم بلکہ پوری دنیا کو سوگوار کردیا ہے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ نہ صرف وہ بلکہ پوری صوبائی حکومت اور صوبائی اسمبلی دکھ درد کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے اور ان کے اس غم میں برابر کی شریک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود کو اکیلا تصور نہ کریں کیونکہ آج ہر ایک ان کے ساتھ ہے۔اس موقع پر بچوں کے والدین نے کہا کہ اس سانحے سے ان کے عزم و حوصلے میں کوئی کمی نہیں ہوئی بلکہ ا ن کے ارادے مزید مضبوط ہوگئے ہیں سپیکر اسد قیصر نے اس موقع پر شہید بچوں کی بلندی درجات، پسماندگان کے صبرجمیل اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :