تحریک انصاف خواتین ونگ اور آئی ایس ایف کے زیر اہتمام سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے دعائیہ تقریب ،شمعیں روشن کی گئیں

بدھ 17 دسمبر 2014 17:23

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) تحریک انصاف خواتین ونگ اور آئی ایس ایف کے زیر اہتمام سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے دعائیہ تقریب ،شمعیں روشن کی گئیں۔ خواتین ونگ نے صوبائی ترجمان عائشہ گلالئی،مشیر وزیر اعلیٰ و صد ر صوبائی خواتین ونگ ڈاکٹر مہر تاج روغانی،صوبائی جنرل سیکرٹری نادیہ شیر خان اور متعدد ایم پی ایز کی قیادت میں سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں پشاور پریس کلب کے باہر شمعیں روشن کیں اور شہداء کی روح کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکی۔

اس موقع پر تحریک انصاف خواتین ونگ کی کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواتین رہنماؤں عائشہ گلالئی نے سانحہ پشاور کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں پر اس قسم کا حملہ کسی انسان کا کام نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ درندگی کی بد ترین مثال قائم کی گئی ہے جس کیخلاف پوری قوم کو متحد ہونا پڑیگا۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف خواتین ونگ شہداء اور زخمیوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت کسی سیاسی لیڈر کو سیاسی بیان بازی نہیں کرنا چاہئے ،پوری قوم سکتے کے عالم میں ہے اور یہ ہم سب کا مشترکہ دکھ ہے ۔آئی ایس ایف نے بھی حیات آباد میں شہداء کی یاد میں شمع روشن کی اور دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی آئی ایس ایف کے نوجوانوں کی قیادت صوبائی صدر سہیل آفریدی کررہے تھے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہاکہ شہداء ہمارے بھائی تھے زندگی بھر انہیں بھلا نہیں سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس سانحے کیوجہ سے پورا ملک سوگ میں ڈوبا ہوا ہے شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔