قوم یقین رکھے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ان کیخلاف کارروائی جاری رہے گی، ممنون حسین

بدھ 17 دسمبر 2014 17:21

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قوم یقین رکھے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ پوری قوم کسی گروہی اختلاف کے بغیر دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے۔وہ بدھ کوکراچی میں فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ کے زیر اہتمام صحت سیفٹی اور ماحولیات سے متعلق تیسرے بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔

صدر ممنون حسین نے پشاور میں بچوں کے سکول پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انکی ہمدردیاں شہید ہونے والے بچوں کے مظلوم والدین کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے بچوں کا جو بیہمانہ قتل کیاگیا ہے وہ ناقابل تلافی نقصان ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرے گی۔

انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کرکے سینکڑوں بچوں کو بچانے والے فورسز کے بہادر جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے پاکستان، اس خطے اور دنیا کو رہنے کے قابل بنانے کے لیے ہزاروں جوانوں، بچوں اور خواتین کی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

صدر مملکت نے پوری پاکستانی قوم کو یقین دلایا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف فوجی کارروائی جاری رہے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کررہی ہے۔ پاکستان کی سرزمین بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے مواقعوں کی سرزمین ہے کیونکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کے قوانین خطے میں سب سے بہتر ہیں۔ عسکریت پسندی کے مکمل خاتمے کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار حکومت پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔

متعلقہ عنوان :