سانحہ پشاور میں دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے بچوں ،اساتذہ کی غائبانہ نماز ِ جنازہ پنجاب اسمبلی میں ادا کی گئی

بدھ 17 دسمبر 2014 16:55

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) سانحہ پشاور میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بے گناہ معصوم بچوں اور اساتذہ کی غائبانہ نماز ِ جنازہ پنجاب اسمبلی میں ادا کی گئی۔ غائبانہ نمازِ جنازہ میں قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سرادر شیر علی خان گورچانی، سینئرسیکرٹری رائے ممتاز حسین بابر ،عارف شاہین سٹاف افیسر ٹو سپیکر،محمد اکبر سٹاف افیسرٹو ڈپٹی سپیکرو دیگر افسران سمیت پنجاب اسمبلی کے تمام ملازمین نے شرکت کی اورشہدا کے لئے دعائے مغفرت کی ۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہاکہ دہشت گردوں کی طرف سے قوم کے دل کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرا صدمہ ہے ۔بچوں پر حملے سے ثابت ہوا کہ دہشت گرد صرف پاکستان کے ہی نہیں انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گرد عظیم پاکستانی قوم کے عزم کو کم نہیں کر سکتے ۔

وحشی درندوں اور ان کے نا یدہ سہولت کاروں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے اور آخری دہشت کرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں درندے ہیں جو عبرتناک سزا کے مستحق ہیں۔پنجاب حکومت سوگوار خاندانون کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں تمام پارٹیزاپنے سیاسی اختلافات ختم کر کے ایک ہونا چاہئے تا کہ ملک سے دہشت گردی کا ملکر خاتمہ کر سکیں۔

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضربِ عضب کامیابیوں کے ساتھ فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکاہے ،تھوڑا سفر باقی ہے جسے مل کر طے کرنا ہو گا۔جس کے لئے قوم کا متحد ہوناضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو ضربِ عضب میں حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ ان ظالم درندہ صفت دہشت گردوں کو نیست و نابود کر کے دم لیں گے۔