سانحہ پشاور ،محکمہ تعلیم نے صوبائی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے سکیورٹی پلان مرتب کرلیا

بدھ 17 دسمبر 2014 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) سانحہ پشاور کے بعد محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبائی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے سکیورٹی پلان مرتب کرلیا ،10نکات پر مشتمل سکیورٹی فارم فراہم کر دیا گیا جس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ۔پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں کے حملے اور اس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو دیکھتے ہوئے محکمہ تعلیم پنجاب نے لاہور کے تمام تعلیمی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔

پولیس لائنز میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی سے متعلق اجلاس میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام سکولوں کی بیرونی دیواریں 8فٹ اونچی کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ہر سکول کے باہر تربیت یافتہ گارڈ زبھی تعینات ہو ں گے ۔

(جاری ہے)

10نکات پر مشتمل سکیورٹی فارم فراہم کر دیا گیا ہے ، فارم میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا لازمی ہو گا ، تمام تعلیمی اداروں کی پارکنگ سکول سے دور ہو گی ۔

خصوصی پلان کے تحت تعلیمی اداروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی، واک تھرو گیٹس کی تنصیب اور میٹل ڈی ٹیکٹر کی موجودگی لازمی ہوگی۔ اس کے علاوہ اسکول میں مختلف فرائض انجام دینے والے غیر تدریسی عملے کے مکمل کوائف کا ریکارڈ رکھا جائے گا، تعلیمی اداروں میں اشیائے خوردو نوش کی ترسیل کی غرض سے نجی ٹرانسپورٹ کی آمد ورفت کا داخلہ بھی ممنوع ہوگا۔سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری و نجی سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز کے سربراہان کے الگ الگ اجلاس ہوں گے جن میں طلبا و اساتذہ کی جان ومال کے تحفظ کی غرض سے نئی حکمت عملی طے کی جائے گیا۔

متعلقہ عنوان :