صوابی، آرمی پبلک سکول پشاور میں شہید ہونیوالے تین طلباء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

بدھ 17 دسمبر 2014 16:49

صوابی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) آرمی پبلک سکول پشاور میں صوابی کے شہید ہونے والے تین طلباء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ۔جنازے شیخ القر آن مولانا عطاء الحق درویش جے یو آئی امیر ضلع صوابی نے پڑھائی۔ محمد معظم ولد ذوالفقار علی جو کہ آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا کی نماز جنازہ ان کے گاؤں موضع کڈی علاقہ تھانہ زیدہ میں ادا کی گئی جس میں ایم این اے عاقب اللہ ، ایم پی اے بابر سلیم، ڈی پی او صوابی، اعلیٰ سرکاری حکام اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اسی طرح سیکنڈ ائیر کے طالب علم آٹھارہ سالہ ایمن خان ولد عتیق اختر کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں موضع مرغز علاقہ تھانہ زیدہ میں ادا کی گئی جس میں بھی مذکورہ افراد نے شرکت کی۔ اسی طرح ساتویں جماعت کے طالب علم تیرہ سالہ باسط ولد سردار علی سکنہ شیوہ علاقہ تھانہ کالو خان کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کی گئی ۔اس موقع پر رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ شہید محمد معظم کا والد ذوالفقا ر علی پاک آرمی میں خدمات انجام دے رہے ہیں جب کہ دوسری شہید ایمن خان کا والد ریکروٹنگ ایجنٹ ہے ۔