پشاور کا سانحہ دہشت گردی کا انتہائی سفاکانہ اور ظالمانہ واقعہ ہے، مفتی منیب الرحمن

بدھ 17 دسمبر 2014 16:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء ) تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے صدر مفتی منیب الرحمن ، ناظمِ اعلیٰ صاحبزادہ علامہ عبدالمصطفیٰ ہزاروی ، ناظمِ امتحانات علامہ غلام محمد سیالوی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پشاور اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کا سانحہ انتہائی سفاکانہ ، سنگدلانہ اور درندگی کا مظہر ہے۔ اس واقعہ کے ذمے داراور ان کے معاون انتہائی سفاک اور انسانیت کے دشمن ہیں، ان کا اسلام سے کوئی رشتہ نہیں ہے، 141بچوں اور ان کے اساتذہ کی شہادت بہت بڑا قومی المیہ ہے، ہم شہدا کے لئے مغفرت اور بلندیِ درجات ، ان کے اقارب کے لئے صبرواستقامت اور زخمیوں کی جلدصحتیابی کے لئے دعا گوں ہیں ۔

اس سانحے کے لئے 16دسمبر کی تاریخ کا انتخاب ایک مخصوص ذہنیت اور پاکستان دشمنی کی واضح علامت ہے۔

(جاری ہے)

یہ صرف مسلح افواج پر ہی نہیں، پوری پاکستانی قوم پر حملہ ہے اور اس کا موٴثر جواب دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاقِ رائے اور وحدت کی صورت میں دیا جاسکتاہے۔ یہ واقعہ اس جانب بھی متوجہ کرتاہے کہ ہمیں اپنی داخلی سلامتی، دفاعی اور حساس اداروں کی حفاظت کے لئے انتظامات کو مزید موٴثر بنانے کی ضرورت ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ کہیں ہماری صفوں اور حساس اداروں میں دشمن کے ہمدرد تو موجود نہیں ہیں ۔

ہماری سیاسی قیادت کو بھی کچھ عرصے کے لئے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی سلامتی کے مسئلے پر یکسو اور ہم آہنگ ہونا چاہئے ۔ دریں اثنا آج تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے ملحق مدارس میں سانحہٴ پشاور کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لئے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا اور ہم خطباءِ کرام سے اپیل کرتے ہیں کہ آئندہ جمعة المبارَک کو مساجد میں اجتماعی دعا کرائیں۔

متعلقہ عنوان :