دہشت گردوں نے غیر انسانی کام کیا ،اسے کبھی نہیں بھولیں گے، ترجمان پاک فوج

بدھ 17 دسمبر 2014 16:33

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء)پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہاہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے اسکول پر حملہ انسانیت اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، پوری قوم غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا کے نمائندوں کو حادثے کی جگہ کا دورہ کرایا اور وہ تمام مقامات دکھائے جس جگہ دہشت گردوں نے گزشتہ روز معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلی۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سات دہشت گرد سیڑھی کے ذریعے اسکول میں داخل ہوئے اور داخل ہوتے ہی آڈیٹوریم میں انہوں نے بلاتفریق بچوں پر فائرنگ کی جب کہ دہشت گردوں نے ہال کو مقتل بنا دیا۔ملکی اور عالمی میڈیا کے نمائندوں کو عاصم باجوہ نے بتایا کہ جس مقام پر اس وقت ہم کھڑے ہیں یہاں بچے کھڑے ہوتے تھے لیکن گزشتہ روز دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو اسی مقام پر نشانہ بنایا، دہشتگردوں نے غیر انسانی کام کیا اور اسے کبھی نہیں بھولیں گے۔