پی اے آر سی آڈیٹوریم میں 16 دسمبر کو پشاور کے سکول میں پیش آنیوالے واقعے پر تعزیتی و دُعائیہ اجلاس کا انعقاد

بدھ 17 دسمبر 2014 16:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) پاکستان کی ترقی اور امن کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ سب سے پہلا اقدام ہونا چاہیے اور اس عمل میں ہم سب کو ایک قوم بن کر ساتھ ساتھ چلنا ہو گا۔ پاکستان کو مضبوط بنانے سے ہی ہم سب کی بقاء ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار PARC کے ممبر این آر ڈاکٹر ندیم امجد نے گزشتہ روز پشاور کے سکول میں ہونے والے انسانیت سوز اور المناک واقعے پر پی اے آر سی آڈیٹوریم میں ہونیوالے تعزیتی اور دُعائیہ اجلاس میں کونسل کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے اس دردناک واقعے سے ہم کو سبق حاصل کرنا چاہیے اور اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھنی چاہیے۔ اگر ہم خود اپنے ملک کا خیال رکھیں گے اور ایک قوم بن کر رہیں گے تو کوئی بھی غیر ملکی عناصر ہمارے ملک میں دہشت گردی یا کسی بھی قسم کا نقصان نہیں کر سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم سب ان تمام گھرانوں کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دُعا گو ہیں کہ خدا مشکل اور دُکھ کی اس گھڑی میں تمام والدین کو صبرِ جمیل عطاء فرمائے ۔ اس اجلاس سے ڈاکٹر شاہدمسعود ، ممبرPSD ، مسٹر ظفر حسن رضا ء ، ممبر فنانس ، سائنسدانوں اور کونسل کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہید ہونے والے کمسن بچوں کے ایثالِ ثواب کیلئے دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :